حتمی نتائج کا اعلان، مودی کامیاب

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی اتحادیوں سے ملاقاتیں جاری ہیں جن میں حکومت سازی کے لیے لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کی، یہ اس کی گزشتہ انتخابات سے بھی بڑی کامیابی ہے۔

بھارت میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بی جے پی نے انفرادی طور پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ حاصل کیں، یوں وہ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

1984 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بی جے پی نے ایوان زیریں کے انتخابات میں اکثریت حاصل کی ہے۔

بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کُل 350 نشستیں حاصل کیں۔

بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس 52 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی، 2014 میں اس نے 44 سیٹیں جیتی تھیں۔

کانگریس کی قیادت میں یونائیٹڈ پروگریسیو الائنس (یو پی اے) مجموعی طور پر 82 حاصل کر سکا۔

کانگریس کے صدر اور وزیر اعظم کے امیدوار راہول گاندھی کو اترپردیش کے حلقے امیٹھی سے اپنی ہی جیتی ہوئی نشست پر بی جے پی کی سمرتی ایرانی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ جنوبی ریاست کیرالا سے جیتنے میں کامیاب رہے۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد نریندر مودی نے نئی دہلی میں بی جے پی کے مرکزی دفتر پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی شاندار کامیابی پر سب کو مبارکباد دی اور انتہائی گرم موسم میں ووٹ ڈالنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں پارٹی کی شاندار کارکردگی کے بعد بھارت کے سیاسی پنڈتوں کو اپنی 20وی صدی کی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے‘۔

سیاسی حریف کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ‘انتخابی امیدوار سیکولرازم کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔

بھارتی وزیر اعظم کو انتخابات میں کامیابی پر جہاں ان کے پاکستانی ہم منصب عمران خان کی طرف سے مبارکباد دی گئی تو وہیں دیگر عالمی رہنماؤں نے انہیں نیک خواہشات کے پیغامات بھیجے۔

انتخابات کے حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد یونین کابینہ نے 16ویں لوک سبھا تحلیل کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: