کرکٹ ورلڈکپ میچز 200 ممالک میں نشر ہوں گے

انگلینڈ اور ویلز میں 30مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے مقابلے دنیا کے 200 ملکوں اور خطوں میں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجٹل پلیٹ فارم پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

200 ملکوں اور خطوں میں میچ کی نشریات کے ساتھ ساتھ اس بار پہلی مرتبہ بھارت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں میچز سینما گھروں میں بھی دکھائیں جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ کپ مقابلوں کی دنیا کے کونے کونے تک براہ راست نشریات کے انتظامات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں لائیو میچ سینما گھروں میں دکھانے کے لیے سنی پلیکس کو حقوق دے دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ چند میچ بھارت میں انوکس، متحدہ عرب امارات میں نوا اور ریل اور بحرین میں نوا پر دکھائے جائیں گے۔

آئی سی سی مقابلوں کے نشریاتی حقوق کے حامل عالمی نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس نے مختلف ملکوں کے 25نشریاتی اداروں کو عالمی کپ نشر کرنے کے حقوق دیے ہیں۔

پاکستان میں ہمیشہ کی طرح یہ حقوق پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینل ٹین اسپورٹس کے پاس ہیں۔

عالمی کپ کے میچوں کی کمنٹری کے لیے اسٹار اسپورٹس نے دنیا کے 50بہترین کرکٹ مبصروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں جو مختلف زبانوں میں کمنٹری اور ماہرانہ تبصرے و تجزیے پیش کریں گے۔

انڈیا میں سات علاقائی زبانوں میں کمنٹری نشر کی جائے گی جن میں ہندی، تامل، تلیگو، کناڈا، بنگلہ اور مراٹھی شامل ہیں۔

کینیڈا میں ولو ٹی وی عالمی کپ کے مقابلوں سے قبل ایک نیا چینل شروع کرنے والا ہے جس پر تمام میچ دکھائیں جائیں گے۔

انڈیا میں ایک اندازے کے مطابق 30 کروڑ افراد یہ میچ اسٹار سپورٹس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ‘ہاٹ اسپورٹس’ پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھی میچ دیکھ پائیں گے۔

کرکٹ کے شائقین کو ان میچوں کے بارے میں چلتے پھرتے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کے لیے 200ملکوں میں 12 ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ہر میچ کے ہر گھنٹے کی چھ منٹ کی کوریج بھی دستیاب ہو گی۔

پاکستان میں یہ ڈیجیٹل کپ دکھانے کے حقوق ‘کرک ان گف نے حاصل کیے ہیں جبکہ کرکٹ کی نمبر ون ویب سائٹ کرک انفو دنیا بھر میں شائقین کو عالمی کپ کے میچز کے بارے میں لمحہ با لمحہ احوال فراہم کرتی رہے گی۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: