بنگلا دیش کا پاکستانیوں کو ویزا دینے سے انکار

بنگلا دیش نے پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش نے اپنے سفارتکار کے ویزے میں توسیع کی درخواست پر پاکستان کی جانب سے اب تک کارروائی نہ ہونے پر نہ صرف پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا بلکہ بنگلاددیش میں پاکستانی ہائی کمشنر کی تعیناتی کے لیے اسلام آباد کی نامزدگی بھی قبول کرنے سے انکار کردیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیاہےکہ اسلام آباد میں بنگلادیش کے ہائی کمشنر نے گزشتہ چار ماہ سے پاکستانی حکومت کی جانب سے بنگلادیشی سفارتکار کے ویزے میں توسیع کی درخواست پر غور نہ کیے جانے کے بعد بطور احتجاج گزشتہ ایک ہفتے سے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے جاری کرنا بند کردیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں بنگلادیشی ہائی کمیشن کے پریس قونصلر محمد اقبال حسین نے اپنے ویزے میں توسیع کے لیے پاکستان کی وزارت خارجہ کو جنوری میں درخواست دی تھی جو بنگلادیشی وزارت داخلہ کی طرف سے بھیجی گئی لیکن اس پر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہےکہ سفارتکار کی اہلیہ اور بیٹے کی جانب سے بھی پاکستانی ہائی کمیشن کو ویزے کے اجرا کی درخواست دی گئی تھی مگر اس پر بھی تاحال کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق پاکستان نے ثقلین سیدہ کو بنگلادیش کے لیے اپنا ہائی کمشنر مقرر کیا ہے مگر بنگلا دیش نے اسلام آباد کی جانب سے اس نامزدگی کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بنگلادیشی وزیر خارجہ کی تردید

دوسری جانب بنگلا دیش کے مقامی میڈیا کےمطابق وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن نے پاکستانی شہریوں کو ویزا دینے سے انکار کی خبروں کو مسترد کردیا جب کہ انہوں نے ویزوں کے اجرا میں تاخیر کو تسلیم کیا جس کی وجہ انہوں نے اسلام آباد کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی شہریوں کو ویزا کا اجرا بند نہیں کیا مگر کچھ کیسوں میں تاخیر ہوسکتی ہے جو دنیا بھر میں عام بات ہے۔

بنگلادیشی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد میں بنگلادیش کے ہائی کمیشن میں عملے کی کمی ہے جس سے ویزوں کے اجرا کا عمل متاثر ہورہا ہے اور ایسے میں پاکستانی حکام اسلام آباد میں نئے تعینات کیے جانے والے بنگلادیشی ویزا قونصلر کو ویزا جاری کرنے میں تاخیر کررہے ہیں۔

عبدالمومن کا کہنا تھا کہ جس افسر کو عارضی طور پر ویزا اجرا سیکشن کا ٹاسک دیا گیا ہے اس کے ویزے کی توسیع میں اسلام آباد سے تاخیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلادیش پاکستان کے ساتھ کسی بھی رکاوٹ کے حق میں نہیں، ہم نے حال ہی میں پاکستانی حکام سے رابطہ کیا اور ان سے اپنے سفارتکاروں کے رکے ہوئے ویزوں کے حل کے لیے مسلسل بات چیت کررہے ہیں۔

بنگلادیشی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کے حوالے سے ہم نے حال ہی میں اسلام آباد کی تجویز کو بعض وجوہات کی بناء پر قبول نہیں کیا تھا۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: