وزارت مذہبی امور اور بین المسالک ہم آہنگی نے سرکاری حج اسکیم میں ناکام درخواست گزراوں کے درمیان حج کا اضافی کوٹہ تقسیم کرنے کے لیے دوسری قرعہ اندازی ملتوی کردی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اتوار کے روز جاری ہونے والے بیان میں بتایا کہ قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان وفاقی کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد کیا جائے گا۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے تناظر میں انہوں نے اضافی حج کوٹے کے لیے پیر کے روز قرعہ اندازی ہونے کے اطلاعات کی تردید کی۔
یہ بات مدِ نظر رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو 16 ہزار پاکستانیوں کا اضافی حج کوٹہ جاری کیا ہے جس میں سے 60 فیصد انہیں تفویض کیا جائے گا جنہوں نے سرکاری حج اسکیم میں درخواست جمع کروائی تھی لیکن قرعہ اندازی میں ناکام رہے۔
خیال رہے کہ ناکام درخوست گزاروں کے متعلقہ بینکس سے رقم واپس وصول کرنے کے باوجود انہیں قرعہ اندازی میں شامل کرلیا جائے گا البتہ اب ہونے والی قرعہ اندازی میں منتخب ہونے کی صورت میں انہیں 4 روز کے اندر رقم جمع کروانی ہوگی۔
واضح رہے کہ رواں برس سرکاری حج اسکیم کے تحت 2 لاکھ 16 ہزار 542 درخواستیں موصول ہوئی تھی جس میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 526 درخواست گزار 11 مارچ کو ہونے والی قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پائے تھے۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ ماہ جون میں حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔
سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حج پروازوں کی تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر میسر ہوں گی۔
اس کے علاوہ حج پر جانے والے حاجیوں کو ان کی پروازوں، مکتب نمبر اور متعلقہ تفصیلات سے ایس ایم ایس اور خط کے ذریعے بھی آگاہ کردیا جائے گا۔
عارضی شیڈول کے مطابق ایک ماہ تک جاری رہنے والی حج پروازوں کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے سے ہوجائے گا۔
عہدیدار نے حج کا ارادہ رکھنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ وزارت کی جانب منعقد کیے جانے والے حج تربیتی پروگرام میں شرکت کریں جس سے انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق حج کرنے میں مدد ملے گی۔
اس کے ساتھ انہوں نے حج خواہشمندوں کو وزارت کی ویب سائٹ اور فیس بک لنک پر دستیاب حج تربیتی مواد سے مستفید ہونے کا بھی کہا۔