پاکستان کرکٹ ٹیم کے شائقین کیلئے بری خبر یہ ہے کہ اوپننگ بیٹسمین امام الحق کہنی کی تکلیف سے نجات حاصل نہیں کرسکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی کہنی میں بدستور درد اور سوجن ہے جس کی وجہ سے انگلینڈ کیخلاف 19 مئی کو ہونے والے پانچوین اور آخری ون ڈے میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
امام الحق انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں کہنی پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے تھے اور انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تھا۔
پی سی بی حکام نے گزشتہ روز کہا تھا کہ امام الحق کی کہنی کا ایکسرے کیا گیا جو کلیئر آیا ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔ بعد ازاں امام الحق میچ کے 48 ویں اوور میں بیٹنگ کے لیے بھی آگئے تھے۔
تاہم اب یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ امام الحق کی کہنی میں تکلیف برقرار ہے اور پانچویں ون ڈے میں امام الحق کی شرکت مشکوک ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی عدم موجودگی میں آخری ون ڈے میں نوجوان بیٹسمین حارث سہیل کی شرکت کا امکان ہے۔
پاکستانی اوپنر امام الحق کہنی پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے
خیال رہے کہ امام الحق نے انگلینڈ کیخلاف تیسرے ون ڈے میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔ یہ امام الحق کے کیریئر کی سب سے بہترین اننگز تھی جس میں انہوں ںے 151 رنز بناکر بنائے۔
اسی میچ میں امام الحق نے انگلینڈ میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔
امام الحق نے انگلش سرزمین پر ون ڈے اننگز میں 150 رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا اور انہوں نے یہ کارنامہ 23 سال 153 دن کی عمر میں سرانجام دیا۔
امام الحق نے انگلینڈ میں بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983 میں 24 سال 163 دن کی عمر میں زمبابوے کیخلاف 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اس کے ساتھ ہی امام الحق انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بھی بن گئے تھے۔