موٹرولا کے فولڈ ایبل ریزر فون

یہ کوئی راز نہیں کہ موٹرولا کی جانب سے فولڈ ایبل فون پر کام کیا جارہا ہے اور اب اس کی پہلی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

موٹرولا کی ملکیت رکھنے والی چینی کمپنی لینووو نے یہ ویڈیو گزشتہ روز میڈیا کے ساتھ شیئر کی جس میں ریزر جیسا فولڈ ایبل فون دکھایا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لینووو نے یہ ویڈیو ایک یوٹیوبر وقار خان کی ویڈیو سے تیار کی گئی ہے اور اسے پنا قرار دے کر میڈیا کو دکھایا ہے۔

وقار خان کے مطابق انہوں نے لینووو کو اپنے کانسیپٹ تصاویر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی، فی الحال موٹرولا نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ویڈیو سے یہ ماضی کے ریزر تھری جیسا نظر آتا ہے مگر یہ فلپ کی بجائے مکمل اوپن ہوسکتا ہے۔

بند شکل میں یہ کلاسیک ریزر فون کی یاد دلاتا ہے اور لیک تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فون اوپن ہوکر فل اسکرین موٹو ریزر بنتا ہے جبکہ بند ہونے پر پرانا فلپ فون کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔

33 سیکنڈ کے اس کلپ میں زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر یہ گزشتہ مہینوں میں لیک ہونے والی تصاویر سے کافی ملتا جلتا ہے۔

اس بات کا بھی امکان ہے کہ موٹو ریزر 2019 میں ایک تیسری اسکرین بھی ہوگی جو کہ نوٹیفکیشن اور دیگر ضروری معلومات کے لیے استعمال ہوگی جو کہ حالیہ ایل جی اسمارٹ فونز میں دیئے جانے والے سیکنڈری ڈسپلے جیسی ہوسکتی ہے۔

یہ فون مکمل اوپن ہونے پر 6.2 انچ کا ہوجائے گا جس کے لیے او ایل ای ڈی پینل دیا جائے گا۔

اس فون میں ممکنہ طور پر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر، 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔

یہ تو ابھی واضح نہیں کہ اس فون کو کب متعارف کرایا جائے گا مگر یہ رواں سال کسی وقت سامنے آسکتا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے فروری میں اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس فون کی قیمت 15 سو ڈالرز تک ہوسکتی ہے جو کہ گلیکسی فولڈ سے 500 ڈالرز جبکہ ہواوے کے فولڈ ایبل فون سے ایک ہزار ڈالرز سستا ہوگا۔

موٹرولا کے گلوبل پراڈکٹ ڈویژن کے نائب صدر نے فروری میں فولڈ ایبل فون کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ موٹرولا کا فولڈ ایبل فون سام سنگ اور ہواوے کی ڈیوائسز سے کچھ مختلف ہوگا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ موٹرولا کا پہلا فولڈ ایبل فون رواں سال کی دوسری سے تیسری سہ ماہی کے دوران متعارف کرادیا جائے گا۔

x

Check Also

دنیا کی 90 بڑی کمپنیوں نے فیس بک پر اشتہارات کا بائیکاٹ کردیا

دنیا کی 90 بڑی کمپنیوں نے فیس بک پر اشتہارات کا بائیکاٹ کردیا

نسل پرستی، تشدد، جھوٹ اور نفرت کے خلاف دنیا کی 90 سے زائد بڑی کمپنیوں ...

%d bloggers like this: