مہوش حیات بالی ووڈ کیوں نہیں گئیں؟

پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ فلم ’’پھنے خان‘‘اور ’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘میں کام کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے بالی ووڈ پر پاکستانی فلموں کو ترجیح دی۔

فلم’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘، ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ اور ’ایکٹران لا‘جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہوش حیات کا شمار پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتاہے۔ مہوش حیات نے بیک ٹوبیک سپر ہٹ فلمیں دے کر ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کو کامیابی کے لیے بالی ووڈ کی ضرورت نہیں۔ تاہم ایسا نہیں ہے کہ انہیں دیگر پاکستانی فنکاروں کی طرح بالی ووڈ سے کام کی پیشکش نہیں ہوئی تاہم انہوں نے بالی ووڈ کے بجائے پاکستان میں کام کرنے کو ترجیح دی۔

بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دئیے گئے انٹرویو میں مہوش حیات نے تمغہ امتیاز کے دوران ہونے والے تنازعات اور بالی ووڈ پیشکش سے متعلق کھل کر بات کی۔ مہوش حیات نے بتایا کہ انہیں تمغہ امتیاز ملنے کے اعلان کے بعد جس طرح میڈیا ا ور سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایاگیا اس چیز نے انہیں بہت تکلیف پہنچائی۔

پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستانی فنکاروں پر بالی ووڈ کے دروازے بند ہونے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ ہمارے اداکار جو بالی ووڈ میں جاکر کام کرتے ہیں انہیں وہاں وہ عزت نہیں دی جاتی جس کے وہ مستحق ہیں۔ یہاں تک کہ ہمارے فنکار اپنی فلموں کے پریمیئر تک میں شریک نہیں ہوسکے جس کی مثال سجل علی ہیں جنہوں نے فلم ’مام‘ میں سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھایا تھا لیکن وہ نہ تو فلم کی تشہیر میں حصہ لے سکیں اورنہ ہی پریمیئر میں۔ یہ بہت افسوسناک بات ہے کیونکہ عزت نفس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔ ہمیں اپنے سینماؤں کو آباد کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے یہاں بہترین ہدایت کار ہیں، ہماری فلمیں بہت اچھی ہیں۔

مہوش حیات نے بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ وہ اپنے ملک میں رہ کر پاکستان کے لیے کام کرناچاہتی ہیں اور یہی ان کا فیصلہ ہے۔ دوران انٹرویو جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں بالی ووڈ فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘ میں اداکارہ ہماقریشی اور’’پھنے خان‘‘ میں ایشوریارائے کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی تاہم انہوں نے یہ دونوں کردار ٹھکرادئیے کے جواب میں مہوش نے کہا فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘ میں انہیں اداکار ارشد وارثی کے ساتھ ایک سین پر اعتراض تھا جس پر انہوں نے اس سین کو فلم سے ہٹانے یا اس میں تبدیلی کے لیے کہا لیکن ان کی یہ بات ماننے سے انکار کردیا گیا جس کے باعث انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔ مہوش حیات نے کہا کہ وہ اپنے دل کی سنتی ہیں اور ان کا دل جو کہتا ہے صرف وہی کرتی ہیں اوروہ بالی ووڈ میں کام کرنا نہیں چاہتیں۔

کچھ عرصہ قبل بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد سوشل میڈیا پردونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے موضوع پر بننے والی فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی تھی اس فلم میں وہ ایک پاکستانی شخص کا کردار اداکرنے والے تھے۔ فلم میں کام کرنے سے انکار کرنے پر مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے امیتابھ بچن کھری کھری سنادی تھیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہاامیتابھ بچن کو دیکھتے ہوئے ہم بڑے ہوئے ہیں ان کے لیے میرے دل میں بہت عزت ہے، وہ صرف اداکار نہیں بلکہ لیجنڈ ہیں اور ایک لیجنڈ سے مجھے یہ امید نہیں تھی کہ وہ ایسا کریں گے اور اپنے قدم پیچھے ہٹالیں گے ان کے اس عمل سے مجھے بہت مایوسی ہوئی تھی۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: