وزیراعظم نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو حکومت میں اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کو حکومت کا حصہ بنانے کے لیے نئی ذمہ داری دیتے ہوئے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس سلسلے میں پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو ہدایت جاری کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی فیض اللہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین ہیں جنہیں عہدے سے ہٹادیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسد عمر کو قواعد کے تحت پہلے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا رکن نامزد کیا جائے گا اور ممبر بننے کے بعد انہیں چیئرمین بنایا جائے گا۔
اسد عمر کی تصدیق
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مجھے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی سربراہی دی جارہی ہے اور تصدیق کرتا ہوں کہ میری پارٹی مجھے یہ ذمہ داری دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسد عمر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد وزارت خزانہ کے وزیر تھے اور انہوں نے یہ ذمہ داری تقریباً 8 ماہ انجام دی تاہم اپوزیشن کی شدید تنقید اور ملک میں معاشی عدم استحکام کے سبب وزیراعظم عمران خان نے ان کی وزارت تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اسد عمر نے اسے قبول نہ کرتے ہوئے 18 اپریل کو وزارت چھوڑ کر کابینہ سے بھی علیحدگی اختیار کرلی۔