کسب بینک ایک ہزار روپے میں خریدنے والا چیئرمین ایف بی آر

وزیراعظم نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں ٹیکس امور کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم کی شبر زیدی پر یہ پہلی نوازش نہیں ہے۔ اس سے پہلے دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں شبر زیدی کا نام عمران خان نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے دو ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ شبر زیدی کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا کم دیا  تھا، حالانکہ ای  سی  ایل  سے نام نکالنے کا  معاملہ کابینہ کے ایجنڈے میں بھی نہیں تھا۔

نیب نے کسب بینک کو بینک اسلامی میں غیرشفاف طریقے سے ضم کرنے پر پانچ شخصیات کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں  ڈالنے کا کہا تھا۔ قومی احتساب بیورو کے مطابق اس ڈیل سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا تھا۔

جن افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے  کی تجویز دی گئی ان  میں سابق  گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا، بینک اسلامی کے صدر حسن عزیز بلگرامی، اے ایف  فرگوسن چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کے پارٹنر حسن نذیر شامل تھے۔ شبر زیدی کا نام بھی اے  ایف فرگوسن کے سینئر پارٹنر کی حیثیت سے شامل کرنے کی تجویزدی گئی  تھی۔۔

مسلم لیگ  نواز  کے  رہنما  حنیف عباسی جب مالی بے ضابطگیوں کے  الزام میں  وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دلوانے سپریم  کورٹ گئے تو اے ایف فرگوسن کے  مشوروں نے ہی وزیراعظم  کو کیس سے بچایا تھا۔ سپریم کورٹ نے عباسی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

اس  وقت بھی یہ اعتراض ہوا  تھا  کہ شبر زیدی کا  نام ای سی ایل سے نکلوانا مفادات کا  ٹکراؤ ہے کیونکہ ایک ہی کیس کے پانچ ملزموں میں سے  صرف ایک کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا  گیا۔

حکومت کا  مؤقف ہے کہ اے ایف فرگوسن پاکستان کی ٹاپ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم ہے جو سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کو بھی معاونت فراہم کرتی رہی ہے اس  لیے مفادات  کے  ٹکراؤ کا سوال نہیں۔

نیب کے مطابق کسب  بینک انضمام کیس میں اے ایف فرگوسن کے خلاف شواہد ہیں۔ کمپنی کی رپورٹ پر ہی اسٹیٹ بینک نے کسب بینک کو صرف ایک ہزار روپے میں بینک اسلامی میں ضم کرنے کی  اجازت دے دی تھی۔

نیب نے ایکسپریس ٹرائبیون کی خبر پر کسب بینک انضمام کی تحقیقات شروع کی تھیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس انضمام سے قومی  خزانے کو ساڑھے تین ارب روپے کا نقصان پہنچا تھا۔ جبکہ بینک کے فنانسرز کو چھ ارب ساٹھ کروڑ خسارہ ہوا۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: