فرانس ’حلال ٹیکس‘ کیوں نافذ کرنا چاہتا ہے؟

اگر فرانس کے صدر امانوئل میکخواں نے ایک نئی رپورٹ تسلیم کر لی تو ملک میں ایک نئے ٹیکس کا نفاذ کر دیا جائے گا جسے ‘حلال ٹیکس’ کا نام دیا گیا ہے۔

اس کا مقصد انتہاپسندی سے نمٹنا اور یورپ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی کے لیے ایک نئی تنظیم قائم کرنا ہے۔

پیرس کے ایک معتبر تھنک ٹینک مویتیں انتی تیوت کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حلال مصنوعات، حج اور عطیات پر ٹیکس عائد کر دیا جائے۔

رپورٹ کے مصنف حکیم القروی ہیں جو تیونس کے سابق وزیرِ اعظم کے بھتیجے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس ریاست نہیں بلکہ مسلمان خود اکٹھی کریں گے اور اسے مسلمانوں ہی پر خرچ کیا جائے گا۔

اس رپورٹ کا نام ‘اسلامسٹ فیکٹری’ ہے، اور یہ اس وقت صدر میکخواں کے زیرِ غور ہے جو اس کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

میکخواں فرانس کے اسلام میں بیرونی مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں، اور وہ 2003 میں قائم ہونے والی مسلمانوں کی تنظیم فرینچ مسلم کونسل (سی ایف سی ایم) کو ختم کر کے اس کی جگہ ایک اور تنظیم بنانا چاہتے ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ سی ایف سی ایم مسلمانوں کی باختیار اور نمائندہ آواز بننے میں ناکام رہی ہے۔

القروی کی پیش کردہ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ اس کی بجائے مسلم ایسوسی ایشن فار اسلام ان فرانس (اے ایف آئی ایف) قائم کی جائے اور فرانسیسی سکولوں میں زیادہ بڑے پیمانے پر عربی پڑھانے کا اہتمام کیا جائے۔

میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق فرانس میں تشویش پائی جاتی ہے کہ بیرونی ممالک کی فنڈنگ سے مسجدیں چلائی جاتی ہیں جن کی وجہ سے ملک میں انتہاپسندی پھیل رہی ہے۔

تجویز یہ ہے کہ مسلمانوں سے ٹیکس وصول کر کے ان سے مسجدیں بنائی جائیں گی یا اس وقت موجود مساجد کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

فرانس کے قانون کے مطابق مذہبی مقامات کے لیے سرکاری فنڈنگ استعمال نہیں کی جا سکتی۔

تاہم بعض مسلمانوں نے ان تجاویز پر اعتراضات کیے ہیں۔

القروی کہتے ہیں کہ حلال ٹیکس یہ نئی مسلم تنظیم وصول کرے گی اور اس کی بنیاد یہودیوں کے ‘کوشر ٹیکس’ پر رکھی جائے گی جو فرانسیسی یہودی اپنی خوراک پر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی ایف ارکان کے آبائی ملکوں سے خودمختار ہو گی۔ یہ تنظیم اسلام سے متعلق چیزوں کے استعمال پر ایک چھوٹا سا ٹیکس وصول کرے گی، اور اس سے حاصل کردہ رقم مذہبی امور پر خرچ کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: