چین کی معروف فنکارہ کی ’گمشدگی‘ پر مداحوں کی تشویش

چین کے سوشل میڈیا صارفین ملک کی سب سے معروف اداکارہ اور ماڈل فین بینگ بینگ کی ’گمشدگی‘ کے بارے میں سوالات کر رہے ہیں۔

فین بینگ بینگ دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں تاہم چین کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ انھیں یکم جولائی کو بچوں کے ہسپتال کا دورہ کرنے کے بعد عوام میں نہیں دیکھا گیا ہے۔

چین کے سوشل میڈیا صارفین ملک کی مشہور سینا ویبو مائیکرو بلاگ پر ان کی غیر معمولی خاموشی کو بھی نوٹ کر رہے ہیں جہاں ان کے 62 ملین سے زیادہ مداح ہیں۔

چین کی معروف اداکارہ اور ماڈل آخری بار اس بلاگ پر 23 جولائی کو فعال تھیں جب انھوں نے متعدد پوسٹس کو ’لائیک‘ کیا تھا۔

واضح رہے کہ مئی میں چین کے معروف ٹی وی پریزینٹر سوئی ینگوان نے فین بینگ بینگ پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا تھا تاہم ان کے سٹوڈیو نے اس کی تردید کی تھی۔ فین بینگ بینگ کے سٹوڈیو نے ان کی گمشدگی پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

فین بینگ بینگ عالمی سطح پر ایک گلوکارہ اور ماڈل کے علاوہ ایکس مین فرنچائز کے حوالے سے بھی مشہور ہیں۔

وہ چین کی سب سے زیادہ بااثر سیلیبریٹی ہیں اور اپنے ویبو اکاؤنٹ پر باقاعدگی سے پوسٹ کرتی ہیں۔ ان کی جانب سے کیے جانے والے پوسٹس پر ہزاروں صارفین کی آرا آتی ہیں۔

اس وجہ سے انٹرنیٹ پر ان کی جانب سے غیر معمولی خاموشی کے باعث چین کے سینکڑوں ہزاروں سوشل میڈیا صارفین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

چین کے متعدد سوشل میڈیا صارفین فین بینگ بینگ کی جانب سے دو جون کو کی جانے والی پوسٹ کا جواب دے رہے ہیں اور انھیں کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنے بارے میں ایک بیان جاری کریں جس میں وہ اس بات کی تصدیق کریں کہ وہ ٹھیک ہیں۔

متعدد صارفین کا کہنا ہے ’فین بینگ بینگ ہم آپ سے پیار کرتے ہیں‘ جبکہ دیگر کا کہنا ہے ’ہم آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین فین بینگ بینگ کو حراست میں لیے جانے کے بارے میں بھی سوالات کر رہے ہیں لیکن یہ صرف افواہ ہی ہے۔ وہ اداکارہ پر ٹیکس چوری کے الزام کے حوالے سے بھی باتیں کر رہے ہیں۔

فین بینگ بینگ کے سٹوڈیو نے جون میں ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے کبھی بھی دہرے کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے۔ یعنی ایک ایسا کنٹریک جس پر وہ رقم ہو جو آپ کو اس میں ملی ہو اور دوسرا کنٹریکٹ ٹیکس حکام کے لیے جس میں کم آمدنی دکھائی جاتی ہے۔

ان کے سٹوڈیو کا مزید کہنا تھا ’فین بینگ بینگ متعلقہ حکام سے پورا تعاون کریں گی اور ہم امید کرتے ہیں کہ تحقیقات کا نتیجہ جلد ہی عوامی شک کا جواب دینے کے لیے جاری کیا جا سکتا ہے‘۔

گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا صارفین کے درمیان مس فین کے بارے میں اس وقت تشویش بڑھ گئی تھی جب ایک اخبار اکنامک آبزرور نے ایک متنازع مضمون شائع کیا جس میں اس بات کا اشارہ کیا گیا تھا کہ فین بینگ بینگ سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اکنامک آبزرور نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے 26 جولائی کو فین بینگ بینگ کے سٹاف سے سوالات کیے اور یہ کہ ان کے بھائی کو کہا گیا ہے کہ وہ ان کی اجازت کے بغیر ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے تاہم ان کے بھائی نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

سینسر شپ مانیٹرنگ ویب سائٹ فری ویبو کے مطابق اکنامک آبزرور کا آرٹیکل فوراً آف لائن کردیا گیا اور اس سے متعلق ایک سے زیادہ پوسٹس جس میں کچھ ریاست سے منسلک ذرائع ابلاغ شامل ہیں کو سینسر کیا گیا۔

چین کے میڈیا نے نوٹ کیا ہے کہ ہوائی بردارز نامی پروڈکشن کمپنی جس نے فین بینگ بینک کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اس کے گذشتہ ہفتے کے دوران سات فیصد حصص گر گئے ہیں تاہم اس کمپنی نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اس کا فین بینگ بینگ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: