نئے ایس ایس پی ملیرعدیل چانڈیو نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے چھ قریبی ساتھیوں کا ملیر سے تبادلہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر عدیل چانڈیو نے سابق ایس ایس پی کے خاص ساتھیوں میں شمار ہونے والے اے ایس آئی راؤ فیصل اور پانچ ہیڈ کانسٹیبلز کو ملیر سے ہٹا دیا۔ ادھر ضلع کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کیلئے گیارہ تھانوں کے ہیڈ محرر اور بارہ چوکی انچارجز کو ہٹانے کیلئے ایس ایس پی ملیر نے کراچی پولیس چیف سے رابطہ کرلیا۔
ایس ایس پی ملیر نے تمام چوکی انچارجز اور ہیڈ محررز کو شہر کے دیگر اضلاع میں تبادلہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق جلد نئے ایس ایس پی ملیر کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ایس ایس پی راؤ انوار کے ہاتھوں تعینات ہونے والے افسران و اہلکاروں کی چھٹی کردی جائے گی۔