ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 875 ہوگئی

کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 875 ہوگئی جب کہ سندھ بھر میں یہ تعداد 394 تک جاپہنچی تاحال 6 مریض جاں بحق اور 6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 99 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 875 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 394، پنجاب میں 246، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 38 جب کہ اسلام آباد میں 15 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

ملک بھر میں فوج تعینات

وزارت داخلہ کی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے اور وزارت داخلہ نے وفاق، پنجاب، سندھ، خیبر پختو نخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فوج تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

’عوام تعاون کریں اور گھروں تک محدود رہیں‘

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابرافتخار نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 میں قیام پاکستان اس قوم کا مقصد اور منزل تھی، اس کے بعد جب بھی اس قوم پر کوئی برا وقت آیا تو مل کر اس کا مقابلہ کیا، قدرتی آفت نےدنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور آج ایک بار پھریکجاہو کر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، چینلجز کا سامنا کرکے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ تمام اسکول، شادی ہالز، سینیما گھر، پلازے بند کردیئے گئے ہیں اور تمام مذہبی، سیاسی و سماجی اجتماعات پر پابندی رہے گی، تمام ایئرپورٹس بھی انٹرنیشنل فلائٹس کے لئے 4 اپریل تک بند رہیں گے، حفاظتی اقدامات کے تحت بارڈرز بند کئے گئے ہیں لیکن اصل بارڈرانسان اور کورونا وائرس کے درمیان ہے جو ہم نے خود بند کرنا ہے، خود کو گھروں تک محدودرکھیں کیوں کہ ہدایات پرعمل کرکورونا سے بچاجاسکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حکومت نے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کو طلب کیا ہے، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام دستیاب ٹروپس کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے بھجوا دیا ہے، خطرے پر قابو پانے کیلئے پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ ہے، عوام سے درخواست ہے کہ فوج اور حکومت سے مکمل تعاون کریں اور اپنے گھروں میں محدود رہیں۔

سعید غنی میں کورونا وائرس کی تصدیق

وزیرتعلیم سندھ سعید غنی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں اس حوالے سے تصدیق کردی ہے۔

سعید غنی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، رپورٹ میں ابھی تک جو بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہورہا اور میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر آئسو لیشن میں رہ کر ادا کررہا ہوں۔

تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

بھارہ کہو کے علاقے میں تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اے ایس پی بھارہ کہو حمزہ امان اللہ کے مطابق کوٹ ہتھیال میں 6 غیر ملکیوں سمیت 13 لوگوں کی جماعت تبلیغ پر تھی، جماعت میں شامل پہلے ایک غیر ملکی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد جماعت میں شامل 5 مزید افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا، جماعت میں شریک باقی 6 افراد کے بھی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں جن کی رپورٹ آنا باقی ہے۔

سندھ میں لاک ڈاؤن شروع

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے جو کہ 15 روز تک جاری رہے گا۔ لاک ڈاؤن کو ’’کئیر فار یو‘‘ کا نام دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضرورت کے سوا شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے۔ اشیائے صرف کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔

کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد گرفتار

سندھ بھرمیں لاک ڈاؤن کا آج پہلا روزہے۔ اس دوران شہرقائد میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر17 مقدمات درج کیے گئے ہیں جب کہ 58 افراد کوشہر بھرسے گرفتار کیا گیا ہے۔

پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے منگل سے صوبے بھر میں 14 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منگل سے صوبے بھر میں 14 روز کے لیے لاک ڈاؤن ہوگا۔ 24 مارچ سے 6 اپریل تک عوامی مقامات بند رہیں گے، پنجاب میں ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

آزاد کشمیر میں بھی 3 ہفتوں کیلئے لاک ڈاؤن

آزاد کشمیر حکومت نے بھی 3 ہفتوں کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کےغیر ضروری سفر اور باہر نکلنے پر پابندی ہے، ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ انتہائی ناگزیر حالات میں گھروں سے نکلنے والے شناختی کارڈ رکھیں۔

70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو ماہانہ 3 ہزار روپے دینے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز اور فلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر ریلیف دینے پر بھی غور کیا گیا، جب کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سےمتعلق بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر وزیراعظم نے بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے، ایکسپوراٹرز کے لئے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کرلیا گیا۔

’ملک گیر لاک ڈاؤن کے ساتھ دیگر اقدامات بھی ضروری‘

یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم آج کا دن ایسے حالات میں منا رہی ہے جب پوری دنیا ایک بڑے خطرے سے دوچار ہے، کورونا وائرس کی وباء نے ہمارے ملک کو بھی متاثر کیا ہے، کورونا وائرس کی وباء ہمارے لیے ایک امتحان ہے، سیاسی قیادت کو اس عزم و حوصلے کی پیروی کرنی چاہیے، جس کا مظاہرہ قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ہوئے کیا گیا تھا،ہمیں ملک گیر لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ دیگر حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تمام ادارے کورونا کی وباء کا مِل کر مقابلہ کرکے اس کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیں۔

’ہم میں کوئی تقسیم نہیں‘

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا۔ آج اسی جذبے کے تحت ہمیں یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،عوام کا تحفظ ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔ وباء پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔

کراچی اور سکھر ایئرپورٹ بند

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 24 مارچ سے کراچی اور سکھر ایئرپورٹ غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

کورونا تیسرے فیز میں داخل

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کس درجے ( کیٹگری ) کا ہے ابھی حکومتی سطح پر تعین نہیں کیاجاسکا تاہم اس وقت ایشیائی ممالک میں ایران کو کورونا سے متاثرین کی فہرست میں سرفہرست دیکھا جارہا ہے جب کہ پاکستان میں کورونا کی کیٹگری 2 یعنی دوسرے درجہ دیا جارہا ہے جبکہ ابھی تک اس بات کا بھی تعین نہیں کیا جاسکا کہ پاکستان میں وائرس سے ہونے والی شرح اموات کا تناسب کتنا ہے اور پاکستان میں کتنی تیزی سے پھیل رہا ہے اور آئندہ وائرس کے پھیلنے کی رفتار کیا ہو گی تاہم پاکستانی عوام اس وائرس کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بے خبر ہیں، پاکستان میں وائرس اب تیسرے فیز (مرحلے) میں داخل ہورہا ہے جس میں وائرس کی شدت میں بھی تیزی آجائے گی۔

شہباز شریف کورونا ٹیسٹ کرائیں

طبی ماہرین نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو فوری کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وہ کم از کم 14دن قرنطینہ کا عمل اختیار کریں تاکہ ان سمیت دیگر افراد کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔

فواد چوہدری کا کورونا ٹیسٹ

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنی وڈیو میں کہا ہے کہ وہ 3 روز قبل امریکا سے واپس آئے ہیں اور اپنے کورونا ٹیسٹ بھی کروائے ہیں، وطن واپسی پر ناصرف خود کو محدود کرلیا ہے بلکہ مکمل آئسولیشن میں ہیں اور اپنے گھر والوں سے بھی نہیں ملے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر:

1: کسی الکحل والے محلول یا اینٹی سیپٹک صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھوئیں۔ ہاتھ دھونے کا عمل کم ازکم ایک منٹ تک ہونا چاہئے۔ اس سے انفیکشن سے بچنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔

2: اگر آپ کھانسی اور نزلے میں مبتلا ہیں تو ماسک پہنیں اور ماسک پہننے اور اتارنے کے بعد جراثیم کش صابن سے بھی ہاتھ دھوئیں۔

3: عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اگرآپ تندرست ہیں تو طبی نوعیت کا این 95 ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ۔ اس کی جگہ سادہ ماسک بھی پہنا جاسکتا ہے۔ لیکن ماسک کو درست طریقے سے پہننا بہت ضروری ہے جس میں خیال رکھا جائے کہ ماسک اور چہرے کے درمیان کو جھری کھلی نہ رہ جائے۔

تاہم ڈسپوزایبل ماسک کو ٹھکانے لگانا بہت ضروری ہے ۔ اگرچہ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس انسانی جسم سے باہر بہت دیر تک سرگرم نہیں رہ سکتا لیکن ڈسپوزایبل ماسک کو دفنانا ہی ضروری ہے۔

4: بھیڑ اور ہجوم والی جگہوں سے اجتناب کریں اور لوگوں سے فاصلہ رکھیں۔

5: آنکھوں، ناک اور منہ کو بار بار چھونے سے گریز کریں۔ اس صورت میں ہاتھوں پر موجود نادیدہ وائرس جسم کے اندر جاسکتے ہیں۔

6: پانی ابال کر پیئیں، ہاتھ دھونے اور وضو کو اپنا معمول بنائیں۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: