شہبازشریف کا نعرہ ہے میری بیماری میری مرضی ، شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا نعرہ ہے میری بیماری میری مرضی۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ، پہلے بھی کہتا رہا کہ (ق) لیگ ہمارے ساتھ ہوگی، عمران خان معیشت پر ایک ماہ میں اچھی خبر دیں گے اور چور مافیا کو سامنے لائیں گے۔ عمران خان اسی مہینے آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو بے نقاب کریں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیتا ، اس کے دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے، قمر زمان کائرہ، مولا بخش چانڈیو اور اعتزازاحسن جیسے لیڈرز کے مقابلے میں بلاول خود سلیکٹڈ ہے، پیپلز پارٹی کی پنجاب میں دال نہیں گل سکتی یہ مردوں کا علاقہ ہے، پیپلز پارٹی جتنی مرضی کوشش کرلے پنجاب میں بلاول کی کچھ نہیں چل سکتی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق پر بلاول بھٹو زرداری صحیح رہنمائی کریں گے، میرے لئے خواتین سنجیدہ معاملہ نہیں رہا، میری اپنی قومی اسمبلی میں ایک سیٹ ہے اور بھتیجا پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے رکن قومی اسمبلی ہے، اگر 2 نشستیں ہوتیں تو بہت کچھ ہوجاتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف میرے دوست ہیں، پتہ نہیں آج کل وہ کس دکان سے نئے ہیٹ اور کورٹ خرید رہے ہیں، شہباز شریف کا نعرہ میری بیماری میری مرضی ہے۔ پہلوان وہ ہوتا ہے جو اکھاڑے میں ہوتا ہے، ن لیگ بس میڈیا میڈیا کھیل رہی ہے، شاہد خاقان عباسی جتنی باتیں کررہے ہیں لیکن جلد ایل این جی کیس پر اچھے فیصلے آئیں گے۔

نیب کے اختیارات پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں نیب کو زیادہ سے زیادہ مضبوط ہونا چاہیے ، نیب کے دانت اور شکنجے ہونے چاہییں، مافیا مہنگے وکیل رکھ لیتا ہے تو نیب کو بھی اچھے وکیل رکھنے چاہییں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے حادثات کی وجہ 1861کا پرانا ٹریک ہے جس پر روزآنہ 134 مسافر اور 12 فریٹ ٹرینیں چل رہی ہیں، میں زندگی میں 8ویں بار وزیر بنا ہوں میرا مشن ایم ایل ون اور نالہ لئی منصوبہ ہے، میں زندہ رہوں یا مر جاؤں، ملک میں ٹرین کے لئے ایم ایل ون انقلاب لائے گا ، پیسے مل گئے تو 6 ماہ میں کراچی سرکلر ٹرین چلا دیں گے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: