پشاور زلمی کا شان دار کھیل، لاہور قلندرز کو مسلسل تیسری شکست

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا 11واں میچ بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں میچ کو 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور بینٹن نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی اور سلمان ارشاد کے ابتدائی 3 اوورز میں 32 رنز بنالیے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کامران اکمل کی وکٹ لی لیکن اس وقت تک ان کے خلاف محض دو اوورز میں 25 رنز بنائے جاچکے تھے، کامران اکمل نے 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی نے پانچویں اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی جس کے لیے نئے بلے باز حیدرعلی نے بینٹن کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسری وکٹ ڈیوڈ ویزے نے 69 رنز پر حاصل کی جب بینٹن 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

لیونگسٹن 90 کے اسکور پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور فوری بعد حیدر علی بھی آؤٹ ہوئے جنہوں نے برق رفتار 34 رنز بنائے۔

وکٹوں کے گرنے کے باوجود رن ریٹ میں فرق نہیں پڑا اور نئے آنے والے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا تاہم محمد محسن صفر اور گریگوری 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ڈیرن سیمی نے بھی ایک چھکے کی مدد سے 9 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر دلبر حسین کا کیچ بنے۔

پشاور زلمی نے بارش کے باعث مختصر کیے گئے میچ کے مقررہ 12 اوورز میں 7 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔

وہاب ریاض نے آؤٹ ہوئے بغیر 10 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی اور 3 اوور کے کوٹے میں 24 رنز دیے، ڈیوڈ ویزے نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

مشکل ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز نے 48 رنز کا آغاز کیا۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں پر 116 رنز بنائے اور میچ میں 16 رنز سے شکست کھائی جو ان کی مسلسل تیسری شکست ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے تبدیلیاں کیں، لاہور قلندر انجری کے باعث حارث روؤف سے محروم ہوچکی ہے جو آئندہ چند میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

پشاورزلمی نے بھی اپنی ٹیم میں تبدیلی کی ہے اور سینئر کھلاڑی شعیب ملک کو شامل نہیں کیا اور ان کی جگہ محمد محسن کو ٹیم کا حصہ بنایا جبکہ عامر خان کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی (کپتان)، کامران اکمل، ٹام بینٹن، محمد محسن، لیام لیونگسٹن، حیدرعلی، ڈیرن سیمی، لیوس گریگوری، وہاب ریاض، حسن علی، راحت علی، عامر خان

لاہور قلندرز: سہیل اختر (کپتان)، کرس لِن، فخر زمان، محمد حفیظ، ڈین ولاس، ڈیوڈ ویزے، سمیت پٹیل، شاہین آفریدی، دلبر حسین، معاذ خان، سلمان ارشاد

راولپنڈی میں گزشتہ رات اور آج ہونے والی بارش کے سبب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ بری طرح متاثر ہوئی اور میدان میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا تھا۔

ممکنہ بارش کے پیش نظر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نکاسی آب کے لیے ٹیمیں پہلے ہی متحرک ہو چکی تھیں تاکہ میچ کو بارش کی صورت میں میچ کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اگر بارش کے باعث ٹاس نہ ہو سکا تو ٹکٹ کی 100فیصد رقم شائقین کو واپس کردی جائے گی جبکہ 5اوورز سے کم کا کھیل کھیلا گیا تو 75فیصد ٹکٹ ریفنڈ ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے تین میں سے ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے جبکہ لاہور کو اپنے دونوں ابتدائی میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

ادھر زلمی پشاور زلمی نے اپنے فینز کے لیے میچ دیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور پشاور سے پانچ بسوں کے ذریعے شائقین میچ کے لیے راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ پشاور زلمی کی جانب سے مقامی شائقین کی دلچسپی کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھتے ہوئے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں بھی فینز کے لیے بڑی اسکرین کا انتظام کیا گیا ہے۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: