ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے باعث 31 صوبوں کے 23 دارالحکومتوں اور متاثرہ علاقوں میں نماز جمعہ کے تمام اجتماعات منسوخ کردیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایران کے شہر ’قم‘ اور ’مشہد‘ کی مساجد میں صرف نماز کی اجازت ہے جب کہ اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے
ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں سمیت سنیما، پارکس اور دیگر پبلک مقامات بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ کانفرنسز اور ایونٹس بھی منسوخ کردیے گیے ہیں۔
ایرانی وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 15 میڈیکل لیبس قائم کردی ہیں جو آئندہ ہفتے تک کھول دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔
دارالحکومت تہران میں وائرس کے مزید 106 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 تک پہنچ گئی ہے۔
وائرس کا شکار ہونے والوں میں ایرانی نائب وزیر صحت سمیت نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور بھی شامل ہیں۔