کیا خلیل الرحمٰن نے ایشل فیاض کو 'دوسرے درجے کی عورت' کہا؟

کیا خلیل الرحمٰن نے ایشل فیاض کو ‘دوسرے درجے کی عورت’ کہا؟

پاکستان کے نامور ہدایت کار و مصنف خلیل الرحمٰن قمر کی دوسری شادی سے متعلق کئی روز سے یہ خبریں سامنے آتی رہیں کہ انہوں نے اپنی فلم ‘کاف کنگنا’ کی اداکارہ ایشل فیاض کے ساتھ خفیہ طور پر شادی کرلی۔

بعدازاں خلیل الرحمٰن قمر اور ایشل فیاض دونوں نے ہی ان خبروں کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے ایسی افواہیں پھیلانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

خلیل الرحمٰن قمر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ان کا ایشل فیاض سے کوئی تعلق نہیں اور لوگ ان کی شخصیت کو منفی طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

جس کے بعد ایشل فیاض کی بھی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ غیر شادی شدہ ہیں اور خلیل الرحمٰن کا بےحد احترام کرتی ہیں۔

تاہم اب ایکسپریس ٹریبیوں میں شائع ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے ایشل فیاض کو ‘دوسرے درجے کی عورت’ کہا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

خبر کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ ‘میں ان تمام افواہوں کی تردید کرتا ہوں، میں اپنی زندگی سے بےحد خوش اور مطمئن ہوں اور لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ میرا نام ایسی دوسرے درجے کی عورت کے ساتھ نہ جوڑیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اس لیے میں عوام سے درخواست کروں گا کہ اس قسم کی خبروں پر یقین نہ کریں، میرے پاس یہ سب مسئلے حل کرنے کا وقت نہیں’۔

دوسری جانب خلیل الرحمٰن قمر نے فیس بک پر اپنے آفیشل فین اکاؤنٹ پر ایکسپریس ٹریبیون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

اپنی پوسٹ میں مصنف نے لکھا کہ ‘ایکسپریس ٹریبیون کی کہانی جس شخص نے تحریر کی وہ ایک بیوقوف انسان ہے جو میری فلم کاف کنگنا کی ہیروئن کی تذلیل کرنا چاہتا ہے، اس نے میرا نام دے کر اسے دو ٹکے کی لڑکی لکھا ہے، لیکن یہ بے بیناد خبر ہے’۔

خلیل الرحمٰن نے مزید لکھا کہ ‘ایشل فیاض ایک محنتی لڑکی ہے، میں ہمیشہ اس کے کام سے متاثر ہوا ہوں، میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس کے بارے میں اس قسم کے بیانات دوں، اس شخص کو شرم آنی چاہیے جس نے یہ خبر بنائی’۔

خیال رہے کہ ‘کاف کنگنا’ گزشتہ سال ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں ایشل فیاض کے ہمراہ سمیع خان، عائشہ عمر، ساجد حسن اور فضا علی نے اہم کردار نبھائے۔

فلم کے لکھاری اور ہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر تھے۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: