لاہور ہائیکورٹ نے بانڈ کی حکومتی شرط ختم کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے بانڈ کی حکومتی شرط ختم کر دی

جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی جس میں نیب پراسیکیوٹر، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور شہبازشریف کے وکیل درخواست پر دلائل دیے۔

دوران سماعت شہباز شریف کی جانب سے عدالتی حکم پر تحریری ضمانت جمع کرائی گئی جس کے جواب میں سرکاری وکیل نے بعض اعتراضات اٹھائے۔

جس پر عدالت نے خود ڈرافٹ تیار کرکے دونوں فریقین کو دیا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے عدالتی ڈرافٹ کو تسلیم کر لیا گیا جب کہ سرکاری وکلاء نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مسودے میں کوئی ضمانت نہیں طلب کی گئی اس لیے انہیں عدالتی ڈرافٹ پر تحفظات ہیں۔ 

تاہم، عدالت نے  سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک  جانے کی اجازت دیتے ہوئے حکومت کو ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔

عدالتی ڈرافٹ کا متن

وقفے کے بعد عدالت کی جانب سے تیار کردہ مجوزہ ڈرافٹ وفاقی حکومت اور شہباز شریف کے وکلاء کو فراہم کیے گئے۔ شہباز شریف اور احسن اقبال نے بھی ڈرافٹ کا جائزہ لیا۔

عدالتی ڈرافٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے 4 ہفتے کا وقت دیا گیا ہے لیکن اگر نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو اس مدت میں توسیع ہو سکتی ہے۔

متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومتی نمائندہ سفارت خانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کر سکے گا۔

ن لیگ نے عدالتی ڈرافٹ قبول، سرکاری وکلاء کا اعتراض

شہباز شریف کے وکیل اشتر اوصاف نے جیو نیوز کو بتایا کہ عدالت نے ن لیگ کی استدعا منظور اور حکومتی مؤقف رد کر دیا ہے۔

عدالتی ڈرافٹ سے متعلق سوال پر اشتر اوصاف نے کہا کہ ہمیں عدالتی ڈرافٹ قبول ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ سرکاری وکیل نے عدالتی ڈرافٹ پر اعتراض اٹھایا ہے اور تھوڑی دیر بعد حکومتی وکلاء عدالت کو اپنے اعتراض سے آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں سماعت  میں کیا ہوا؟

سماعت کے موقع پر (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف، پرویز رشید، امیر مقام، ملک احمد خان اور عطا تارڑ بھی عدالت میں موجود رہے۔

سماعت کے آغاز پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اشتیاق احمد نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے، چاہتے ہیں کہ وہ بیرون ملک علاج کیلئے جائیں، اگر وفاقی حکومت کو بانڈ جمع کرانے کا مسئلہ ہے تو (ن) لیگ اسی رقم کے برابر بانڈ عدالت میں جمع کرادے، یہ عدالت کو مطمئن کر دیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مؤقف پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے اور حکم کی تعمیل کے لیے تیار ہیں جس کے بعد عدالت نے 7 سوال فریقین کے سامنے رکھے۔

عدالت کے فریقین سے 7 سوالات

  1. کیا کسی سزا یافتہ شخص کا نام ای سی ایل سے نکالا جاسکتا ہے؟
  2. کیا ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے یک طرفہ شرائط قائم کی جاسکتی ہیں؟ 
  3. ضمانت پرہونے، سزا معطلی کے بعد عدالتی حکم کی موجودگی میں کیا قانونی صورتحال ہوگی؟
  4. کیا حکومت،درخواست گزارانڈیمنٹی بانڈ کے حوالے سے اپنا مؤقف تبدیل کرسکتے ہیں؟
  5. کیا کوئی چیز میمو رنڈم میں شامل یا نکالی جاسکتی ہے؟ 
  6. کیا میمو رنڈم انسانی بنیادوں پر جاری کیا گیا ہے؟ 
  7. کیا فریقین اپنے بانڈز میں کمی کرسکتے ہیں ؟ 

جسٹس باقر نجفی نے استفسار کیا کہ بانڈز کے حوالے سے کیا کہنا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ مؤکل عدالت میں موجود ہیں، مشورےکیلئے وقت دیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ نوازشریف کےوکیل بتائیں کیا نوازشریف شورٹی کے طورپر کچھ دینا چاہتے ہیں یا نہیں، نواز شریف سے ہدایات لے کرعدالت کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کی درخواست پر سماعت میں 20 منٹ کا وقفہ کردیا جس کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز کیا گیا اور مختصر سماعت ہوئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کے وکلا سےتحریری ضمانت طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف واپس آنے سے متعلق لکھ کردیں۔

عدالت کی جانب سے ضمانت طلب کیے جانے پر شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ڈاکٹرزکی سفارش پر نواز شریف کو بیرون ملک بھجوایا جانا ہے، وہ یقین دہانی کروانے کو تیار ہیں جب بھی صحت مند ہوں گے واپس آئیں گے اور عدالتی کیسز کا سامنا کریں گے۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل سماعت کیلئے مقرر ہوئی ہے، ہم صرف ایک تحریری بیان مانگ رہے ہیں جو قانون اجازت دیتا ہے۔اس موقع پر عدالت نے شہبازشریف سے سوال کیا کہ آپ کا کیا کردارہوگا ان (نوازشریف ) کو واپس لانے کیلئے؟ آپ کس قسم کا بیان حلفی دیتے ہیں اس کا مسودہ دیں۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ جو بیان حلفی دینا چاہ رہے ہیں آپ دیکھ لیں، ہم دونوں فریقین کی رضا مندی سے معاملہ حل کروانا چاہتے ہیں، یہ بیان حلفی 3 بار کے وزیراعظم اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ہو گی۔

شہباز شریف کے ڈرافٹ کا متن

عدالت کے طلب کرنے پر تھوڑی دیر بعد وکیل امجد پرویز نے شہبازشریف کی طرف سے اقرار نامہ جمع کرایا جو 2 صفحات پر مشتمل ہے۔

ہاتھ سے لکھے ہوئے ڈرافٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف پاکستان کےڈاکٹروں کی سفارش پر بیرون ملک جارہے ہیں، بیرون ملک ڈاکٹر جیسے ہی اجازت دیں گے اور نواز شریف صحت مند ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے، وہ واپس آکر اپنے عدالتی کیسز کا سامنا کریں گے۔

دوران سماعت عطا اللہ تارڑ کا مریم نواز سے رابطہ

سماعت میں وقفے کے دوران لیگی رہنما عطااللہ تارڑ نے مریم نواز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں کیس کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

عدالت کی جانب سے تقریباً ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز کیا گیا۔

سماعت کے آغاز پر سرکاری وکیل کی طرف سے بھی ڈرافٹ پیش کیا گیا  جس میں کہا گیا ہےکہ نواز شریف طبی بنیادوں پر بیرون ملک جائیں گے، جب بھی نواز شریف کو ڈاکٹر فٹ قراردیں گے وہ واپس آئیں گے، وفاقی حکومت جب چاہے گی نواز شریف کو واپس آنا ہو گا، شہباز شریف بیان حلفی دیں کہ نواز شریف واپس نہیں آتے تو جرمانے کی رقم ادا کریں گے،

شہبازشریف کے وکیل اشتر اوصاف نے سرکاری وکیل کے ڈرافٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

سرکاری وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ اگر نوازشریف واپس نہ آئے تو کیا آپ جرمانے کی رقم ادا کریں گے، ہم نے اسی لیےانڈیمنٹی بانڈ مانگا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ بیان حلفی میں نہیں بتایا گیا کہ یہ واپس کب آئیں گے، عدالت نے ایک مدت کےلیے ضمانت دی ہے۔

بیان حلفی کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف کا بیان حلفی مناسب لگ رہا ہے، بیان حلفی میں شہباز شریف کےسہولت کاری کےالفاظ کو یقینی بنانے میں تبدیل کریں۔

عدالت نے اشتر اوصاف کو شہباز شریف کے اقرار نامے میں ترمیم کی ہدایت کی۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ ہم توقع نہیں کرتے کہ نواز شریف بیان حلفی دے کرجائیں اورواپس نہ آئیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر نوازشریف زیر علاج ہوئے اور وفاق نے طلب کرلیا تو پھر کیا ہوگا؟ عدالت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پیش کرتےرہنے کی بھی ہدایت کردی۔

دورانِ سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ بیان حلفی میں جو گارنٹی شہبازشریف نے دی ہےاس کوتسلیم کرتے ہیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نوازشریف کی بیماری کی صورت میں مدت بڑھا دیتی ہے تو اعتراض نہیں، شہباز شریف نےکہا کہ وہ اپنے بھائی نوازشریف کو واپس لائیں گے، اگر شہباز شریف اپنے بھائی کو وطن واپس نہیں لاتےتو شہبازشریف کے خلاف کیا کارروائی ہوگی۔

اس دوران عدالت میں دو ڈرافٹ پیش کیے گئے جسے ایڈووکیٹ اشتر اوصاف نے ڈرافٹ پڑھ کر سنایا۔

وفاق نے اعتراض کیا کہ شہبازشریف کے ڈرافٹ میں نوازشریف کی واپسی کا وقت نہیں بتایا گیا،  عدالت کی جانب سے ضمانت مقررمدت کے لیے دی گئی ہے۔

دونوں جانب سے ڈرافٹ کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے کہا کہ عدالت اپنا ڈرافٹ تیارکرکے فریقین کے وکلا کو دے گی، عدالتی ڈرافٹ پر فریقین متفق ہوئے تو فیصلہ کیا جائے گا، اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت میں تیسری مرتبہ وقفہ کر دیا۔

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: