بلے باز اسد شفیق نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل شاندار فارم کا ثبوت دیتے ہوئے لگاتار دوسرے ٹور میچ میں سنچری اسکور کردی۔
کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف پرتھ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو عابد علی بغیر کوئی رن بنائے ڈیوڈ گرانٹ کی وکٹ بن گئے۔
اس کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے شان مسعود آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 72 تک پہنچا دیا، امام الحق 44 رنز بنانے کے بعد ایل لائیڈ پوپ کو وکٹ دے بیٹھے۔
حارث سہیل کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور وہ لگاتار تیسری اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے، ان کی اننگز 2 رنز پر تمام ہوئی۔
محمد رضوان نے شان مسعود کے ساتھ مل کر اسکور کو 120 تک پہنچایا لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔
120 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے قائم مقام کپتان اسد شفیق آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 44 رنز کی شراکت قائم کی، اس سے قبل کہ یہ شراکت میزبان ٹیم کے لیے خطرناک ثابت ہوتی، ٹم اوکلے نے 76 رنز بنانے والے شان مسعود کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد اسد شفیق کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور اس جوڑی نے گزشتہ پریکٹس میچ کی طرح ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال دیا۔
دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 117 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد بابر اعظم 66 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پوپ کو وکٹ دے بیٹھے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
افتخار احمد اس مرتبہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف پانچ رنز بنانے کے بعد اننگز میں پوپ کا پانچواں شکار بن گئے۔
291 رنز پر 7ویں وکٹ گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد ہی قومی ٹیم کی اننگز سمیٹ جائے گی لیکن نئے بلے باز کاشف بھٹی نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر میزبان باؤلرز کی تمام خوش فہمیوں کو دور کردیا۔
دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 95 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت دو روزہ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کر لی۔
اسد شفیق نے بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لگاتار دوسرے ٹور میچ میں سنچری اسکور کی اور اب تک 10 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنا چکے ہیں۔
دورہ آسٹریلیا میں پہلا میچ کھیلنے والے کاشف بھٹی نے بھی اس موقع کا خوب فائدہ اٹھایا اور 47 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے۔
کرکٹ آسٹریلیا الیون کی جانب ایل لائیڈ پوپ پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔