موسم سرما میں بالوں کے روکھے پن اور جھڑنے سے ہر کوئی پریشان نظر آتا ہے، جس کے لیے مہنگی بیوٹی پروڈکٹس کے استعمال کے بجائے اگر گھر ہی میں موجود قدرتی اجزا سے علاج کر لیا جائے تو اس کے نتائج بہترین اور سستے ثابت ہوں گے۔
سردیوں میں خشک ہوا چلنے کے باعث بالوں کو کافی نقصان پہنچتا ہے جس کے نتیجے میں بال بکھرے ہوئے بے جان نظر آتے ہیں، خشک موسم میں بالوں کو سلجھانا بھی ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے ایسے میں مندرجہ ذیل طریقوں سے بالوں کے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔
وٹامن ای ماسک
وٹامن ای بالوں کا بنیادی وٹامن ہے، اس کے استعمال سے بالوں میں نمی بر قرار رہتی ہے اور جڑیں مضبوط اور نرم ہونے کی وجہ سے بالوں کے جھڑنے میں کمی آتی ہے ۔
وٹامن ای کے 2 کیپسول لیں اور اس میں ایلوویرا جیل اور باداموں کا تیل شامل کر کے یکجان کر لیں، اب اس مائع کو بالوں کی جڑوں سے لے کر سروں تک لگالیں، 1 گھنٹے بعد کسی بھی کم کیمیکل والے شیمپو یعنی ’مائلڈ شیمپو ‘ سے بال دھو لیں، اس عمل کو ہفتے میں دو بار دہرائیں ۔ اس کے نتائج حیران کن ہیں۔
کھوپرے کا تیل اور ایلوویرا جیل
منٹوں میں تیار ہو جانے والا کھوپرے کا تیل اور ایلوویرا جیل کا مرکب روکھے اور بے جان بالوں کے لیے ایک معجزاتی علاج ہے، کھوپرے کے تیل میں ایلوویرا جیل کو اچھی طرح مکس کریں اور اسے بالوں کی جڑوں اور سروں پر لگا کر سر پر دوپٹہ باند ھ لیں، رات بھر لگا رہنے دیں، صبح بال دھو لیں، بال نرم و ملائم ، سلجھے ہوئے چمکدار ہو جائیں گے۔
ایلوویرا جیل کی کوئی خوشبو یا بد بو نہیں ہوتی اسی لیے اسے کئی گھنٹے لگایا جا سکتا ہے۔
کڑی پتہّ، آملہ اور میتھی کے بیج سے علاج
غذائیت سے بھر پور کڑی پتہّ بالوں کے لیے بے حد مفید سمجھا جاتا ہے، اسے تیل میں جلا کر اس تیل کا استعمال کرنا بالوں کی صحت کے لیے بہترین ہے ۔
جڑی بوٹیوں میں شمار کیے جانے والا آملہ اور میتھی کے بیجوں کا استعمال بھی بالوں کو جاندار، چمک دار اور سِلکی بنانے کے لیے اچھا آپشن ہے۔
میتھی کے بیجوں کو بھگو کر نرم کر لیں اب اسے آملہ اور کڑی پتے میں ملا کر پیسٹ بنا لیں، اس ماسک کو بالوں کی جڑوں سے سروں تک لگائیں اور بالوں کو باندھ لیں، نیم گرم پانی میں تولیہ بھگو کر اچھی طرح نچور کر اسے بالوں پر باندھ لیں، 1 گھنٹے بعد بالوں کو کسی اچھے سے شیمپو سے دھو لیں۔
اس عمل کو ہفتے میں 2 سے 3 بار دہرائیں، اس کے استعمال سے بال سلجھے ہوئے سِلکی ہو جاتے ہیں، بالوں کے گرنے میں واضح کمی اور بالوں میں چمک اور جان آ جاتی ہے۔