جے یو آئی نے حکومت پر وعدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاکر معاہدہ ختم کردیا

جے یو آئی نے حکومت سے معاہدہ ختم کردیا

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) نے حکومت پر  وعدہ خلاف ورزی کا الزام لگاکر معاہدہ ختم کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘  میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما مولانا عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے ساتھ جڑے لوگوں نے وعدہ کیا تھا کہ نہ قافلوں کو روکا جائے گا اور نہ ہی گرفتاریاں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے گرفتاریاں کرکے اور حافظ حمداللہ کی شہریت ختم کرکے معاہدہ ختم کردیا، حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی، اس کے بعد ہم نے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آج اعلان کیا کہ حکومت سے معاہدہ ختم سمجھا جائے، حکومت ہم سے این آر او لینے آئی ہم نے انکارکیا۔

مولانا عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے خواہش ظاہرکی تھی کہ ڈی چوک پر نہ آئیں، حکومت نے پشاور موڑپرآنے کی پیش کش کی تھی اور کہا کہ پشاور موڑ آنے کے بعد تمام راستے کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو حکومت نہیں رہے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان معاملات طے پائے تھے جس کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) اور انتظامیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ 

معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ کا آغاز کراچی سے ہوگیا ہے جبکہ ملک بھر سے بھی قافلے اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: