مصباح کی خواہش پوری نہ ہوئی

مصباح کی خواہش پوری نہ ہوئی

دورہ آسڑیلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کو تین ٹی 20میچوں کی سیریز میں حصہ لینا ہے جس میں پہلی مرتبہ قیادت کے فرائض ہونہار بیٹس مین بابر اعظم کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران جب کپتان سے سینئر صحافی سہیل عمران نے سینئر کرکٹرز کے حوالے سے پوچھا تو بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم بناتے ہوئے ان کی رائے ضرور لی گئی، البتہ سینئرز کو وہ ٹیم میں رکھنا چاہتے تھے، تاہم سلیکشن کمیٹی نے حتمی فیصلہ کیا۔

دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ بیک وقت تین عہدوں پر کام کرنے والے مصباح الحق خواہش رکھنے کے باوجود محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد دورہ آسڑیلیا کی ٹیم کا حصہ بنانے میں بھی ناکام رہے، کیونکہ انہیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی جانب سے ہدایت تھی کہ دونوں سینئرز کے سلیکشن کو زیر غور نہ لایا جائے۔

اس بارے میں اطلاعات ہیں کہ فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ کے دوران جہاں دونوں کھلاڑی ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کی قیادت میں کھیلنے والی سادرن پنجاب کی ٹیم کے لیے کھیل رہے تھے، وہاں شعیب ملک نے وسیم خان سے بات کی جبکہ محمد حفیظ نے لاہور میں وسیم خان سے ملاقات کی، جہاں دونوں سابق کپتانوں کو وسیم خان نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے مصباح الحق کو کوئی ہدایت دینے کی بات میں حقیقت نہیں، وہ سلیکشن میں خود مختار ہیں۔

ساری صورت حال کے بعد جب ایک سابق کپتان نے دوبارہ مصباح الحق سے استفسار کیا تو چیف سلیکٹر نے دوبارہ پرانا موقف دہرایاکہ وہ کیوں حفیظ اور شعیب کو ٹیم سے الگ رکھنا چاہیں گے۔

یاد رہے کہ لاہور میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق نے واضح موقف اختیار کیا تھا کہ ان دونوں کے لیے ٹیم کے دروازے بند نہیں کئے گئے۔

شعیب ملک اور محمد حفیظ 28 اگست 2006ء کو پاکستان کے لیے پہلا ٹی 20 کھیلنے والی ٹیم کے اوپنرز تھے، شعیب ملک 111ٹی 20 اور محمد حفیظ 89بین الاقوامی ٹی 20 کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ شعیب ملک ٹی 20طرز میں 9000سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے چوتھے اور پاکستان کے واحد بیٹس مین ہیں۔

دوسری جانب محمد حفیظ پاکستان کے لیے آخری چھ ٹی 20میں 243رنز اور آخری سیریز جو انہوں نے2018ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی تھی، سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے، اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان سوپر لیگ کی ’پلاٹینم‘ کیٹگری میں شامل کیے گئے، دو سابق کپتانوں کی قومی ٹیم میں کب واپسی ہوتی ہے؟

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: