گھروں کیلئے بلاسود قرض

وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مفاد عامہ کے 8 قوانین کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم نے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ‘آج پاکستان کے لیے ایک بڑا دن ہے کیونکہ کابینہ اجلاس میں مفاد عامہ کے 8 قوانین کی منظوری دی گئی ہے۔’

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وعدہ ہے کہ انصاف کا تیز ترین حصول یقینی بنایا جائے گا، یہ قوانین تیز تر انصاف کی فراہمی سے متعلق ہیں جن کے اطلاق کے لیے میڈیا کا تعاون درکار ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سول پروسیجر کوڈ (سی پی سی) میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے، یہ انگریز کا فرسودہ نظام ہے، اب دیوانی مقدمات کو بیک وقت دو بینچز میں سنا جائے گا اور ایک عدالت سے اگر حکم امتناعی ہوجائے تو دوسرا بینچ کیس سنتا رہے گا۔’

فروغ نسیم نے کہا کہ ‘پرانے قوانین کے تحت صرف مقدمہ دائر کرنے میں ہی عرصہ لگ جاتا ہے، مقدمات جلد نمٹانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی نمایاں بچت ہو گی اور مقدمات میں جدید طریقہ کار کے استعمال سے بدعنوانی میں کمی آئے گی۔’

انہوں نے کہا کہ وراثتی اور دیگر سرٹیفکیٹس 15 سے 20 دنوں میں جاری کیے جائیں گے اور یہ عمل فنگر پرنٹس کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی اور اس سلسلے میں مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اگر کوئی واجبات وصول کیے گئے تو اس کا 20 فیصد اطلاع دینے والے کو دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین سے متعلق مقدمات میں ان کی دادرسی کی جائے گی اور خواتین کی وراثتی جائیداد سے متعلق مقدمات بھی جلد نمٹائے جائیں گے۔

وزارتوں کو عوام کی زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت


میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی کابینہ کے دیگر فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘کابینہ کا اجلاس انتہائی اہم تھا جس میں کئی فیصلے کیے گئے، جبکہ مختلف وزارتوں نے عوام کی فلاح کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں پر بریفنگ دی۔’

انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں کو عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، ان اقدامات کا مقصد حکومتی اداروں کے ذریعے لوگوں کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا ہے۔’

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ خسارے اور مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات کو اجلاس کا ایجنڈا نمبر ایک رکھا گیا تھا، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے تاکہ کسانوں اور عوام کے درمیان براہ راست رابطہ یقینی بنایا جائے اور آڑھتیوں کا کردار ختم کیا جائے۔’

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بی او ٹی کی بنیاد پر پاک فوج کے لیے سولر پاور پراجیکٹ کی منظوری دی، کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ایک لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلاسود قرضہ اسکیم سے 5 سے 10 لاکھ افراد مستفید ہوں گے جبکہ قرضوں کی واپسی کے لیے ایک سے 4 سال تک وقت رکھا گیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ٹی وی او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ایڈورٹائزمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کی منظوری دی گئی، وزیر اعظم 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت اور ان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق انہوں نے کہا کہ ‘نواز شریف کو گھر سے مرغن غذائیں بھیجی جا رہی ہیں جس سے ان کی صحت متاثر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہسپتال منتقلی کے وقت احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اپوزیشن نے وزیر اعظم کے بغض میں نواز شریف کی بیماری پر سیاست کی۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: