برطانوی شاہی محل کی جانب سے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان کی جھلکیوں پر مشتمل ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
برطانوی شاہی محل نے ٹوئٹر پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے دورے کی جھلکیوں پر مشتمل ویڈیو ’شکریہ پاکستان‘ کے ساتھ پوسٹ کی۔
ویڈیو میں برطانوی شاہی جوڑے کو پاکستان کے مختلف مقامات کی سیر کرتے اور رکشے میں بیٹھے دیکھا جاسکتا۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن گزشتہ روز پاکستان کا 4 روزہ دورہ کرکے برطانیہ واپس پہنچے ہیں۔
پاکستان کے تاریخی دورے کے موقع پر انہوں نے اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مقامات کی سیر کی۔
اس موقع پر شاہی جوڑے نے مختلف تقریبات میں بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
اس دوران شاہی جوڑا پاکستان کے ثقافتی رنگوں میں نظر آیا جسے پاکستانی مداحوں نے خوب سراہا۔
برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ نے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔
شاہی جوڑے نے رکشے میں سوار ہوکر یادگارِ پاکستان اسلام آباد میں ایک عشائیے میں شرکت کی۔
شاہی جوڑے نے چترال کا دورہ بھی کیا اور وادی کیلاش میں مقامی لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر چترالی رقص بھی دیکھا۔ اس دوران شاہی جوڑے نے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں چیاٹو گلیشیئر پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا بھی جائزہ لیا۔
لاہور میں قیام کے دوران شاہی جوڑا ایس او ایس ولیج اور بادشاہی مسجد بھی گیا، اس کے علاوہ برطانوی شاہی جوڑے نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور شوکت خانم میموریل اسپتال کابھی دورہ کیا۔
واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ پاکستان تھا، شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال 2006 میں پاکستان آچکے ہیں جبکہ یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک تھا۔