ایران، سعودیہ تنازع سے خطے میں غیرمعمولی غربت بڑھے گی

ایران، سعودیہ تنازع سے خطے میں غیرمعمولی غربت بڑھے گی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ایران کے مابین تنازع نہیں چاہتے، تصادم کی صورت میں خطے میں غربت اور تیل کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا اور اس کے پیچھے مفاد پرست خوب فائدہ اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان، ایران کے ایک روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حسن روحانی کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ان کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے ایرانی صدر کو مخاطب کرکے کہا کہ ’ہم خطے میں تصادم نہیں چاہتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے گزشتہ 15 برس میں 70 ہزار انسانی جانوں کی قربانی دی، افغانستان تاحال مسائل سے دوچار ہے جبکہ شام میں بدترین صورتحال ہے، ہم دنیا کے اس خطے میں مزید تصادم نہیں چاہتے‘۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ ’سعودی عرب ہمارا قربی دوست ہے، ریاض نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی، ہم موجودہ صورتحال کی پیچیدگی کو سمجھتے ہیں، لیکن ایران اور سعودی عرب کے درمیان جنگ نہیں ہونی چاہیے‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’میں سعودی عرب مثبت ذہن کے ساتھ جاؤں گا اور میں مصالحت کار نہیں بلکہ سہولت کار کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا، ہم دو مسلم برادر ممالک میں ثالثی چاہتے ہیں‘۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’یہ پیچیدہ مسئلہ ہے جسے حل کیے جانے کی ضرورت ہے‘۔

پاکستان اور ایران مل کر خطے کے درینہ مسائل دور کرسکتے ہیں، ایرانی صدر

ان سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران مل کر خطے کے درینہ مسائل کے حل کے لیے پرخلوص کوششیں کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے قائدین نے یمن میں جنگ اور ایران پر امریکی پابندیوں سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ’میں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ ہم پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کی کوششوں کا خیر مقدم کریں گے‘۔

حسن روحانی نے ایران کے دورے پر وزیراعٖظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ’خطے کے مسائل مذاکرات اور مقامی وسائل کے ذریعے حل کیے جانے چاہیے، ہم نے زور دیا کہ مثبت رویے کا جواب مثبت انداز میں دیا جائے گا‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہم نے جوہری معاہدے کی منسوخی اور بحالی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا‘۔

وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان، سعودی عرب اور ایران کے مابین کشیدگی کے خاتمے سے متعلق سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے تہران پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے مابین خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کو حد سے زیادہ اہمیت دیتا ہے اور خلیج فارس میں تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق تہران آمد پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: