مرید عباس کے قتل کے وقت عاطف کے ساتھ تھا: عادل زمان

مرید عباس کے قتل کے وقت عاطف کے ساتھ تھا: عادل زمان

کراچی میں لین دین کے تنازع میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کے قتل کے کیس کے مرکزی ملزم عاطف زمان کے بھائی کا کہنا ہے کہ میں مرید عباس کے قتل کے وقت اپنے بھائی عاطف زمان کے ساتھ تھا۔

کراچی پولیس نے گزشتہ شب اینکر مرید عباس کے قتل کے مرکزی ملزم عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزم نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ مرید عباس کے قتل کے وقت وہ اپنے بھائی عاطف زمان کے ساتھ تھا، ہمارا منصوبہ صرف مرید عباس کو دھمکانے کا تھا۔

عادل زمان نے پولیس کو بتایا ہے کہ بات چیت کے دوران عاطف زمان نے غصے میں فائرنگ کر دی تھی جس کے بعد میں نے اسے دفتر سے گھر چھوڑا اور اس واقعے کے بعد میں بالا کوٹ چلا گیا تھا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا ہے کہ مفرور ملزم عادل زمان کو رات گئے کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا ہے، جس سے اس کیس میں تفتیش جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج خداداد کالونی میں ہمارے قابل افسر غوث عالم کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، یہ واقعہ اور عادل زمان کی گرفتاری دو علیحدہ علیحدہ واقعات ہیں۔

طارق دھاریجو نے یہ بھی کہا کہ ان واقعات کو ایک ساتھ جوڑنا قبل از وقت ہے، البتہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہلکار غوث عالم نے مرید عباس کے قتل کیس پر بھی کام کیا ہے۔

واضح رہے کہ سالِ رواں (9 جولائی کو) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم اسے بچا لیا گیا ہے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: