خواتین کا تعارف ان کے شوہر کا نام لے کر کرایا جانا روایت سمجھا جاتا ہے، تاہم اپنی خود کی پہچان بنانے کے بعد مرد اور خواتین دونوں ہی یہی چاہتے ہیں کہ ان کو الگ پہچانا جائے۔
شنیرا اکرم جو صرف معروف کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ ہی نہیں بلکہ ایک باہمت خاتون بھی مانی جاتی ہیں جو ہمیشہ ہی پاکستان کی حمایت میں آگے آگے رہتی ہیں۔
ان کا تعارف زیادہ تر تقریبات میں وسیم اکرم کی اہلیہ کے طور پر کرایا جاتا ہے تاہم اب شنیرا نے اس پر برہمی کا اظہار کردیا۔
اسلام آباد میں منعقد ادبی میلے کی ایک تقریب میں فصیح زکاء، علی آفتاب سعید، جارج فلٹن اور ندیم فاروق پراچہ موجود تھے۔
اس دوران معروف صحافی ندیم پراچہ متعدد بار شنیرا اکرم کا نام لینے کے بجائے انہیں وسیم اکرم کی اہلیہ کے طور پر پکارتے رہے۔
جس کے بعد ایونٹ میں موجود ایک خاتون نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ ‘ان کا اپنا ایک نام ہے’، جس کے بعد سب نے اس خاتون کو بےحد سراہا۔
اب شنیرا اکرم نے خود بھی اس موقع کی ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ بہترین خاتون کون تھی؟ مجھے آپ سے پیار ہوگیا ہے’۔
شنیرا اکرم نے ایک اور ٹوئٹ میں اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘اگر آپ ایک اسٹیج پر کسی کے بارے میں بات کررہے ہیں تو کم از کم آپ کو ان کا اتنا احترام کرنا چاہیے کہ آپ ان کا نام لیں، میں کوئی معروف شخصیت نہیں، میں نے اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے، آپ کا بہت شکریہ’۔
ندیم پراچہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ‘میں دراصل ان کا نام بھول گیا تھا، مجھے نام یاد ہی نہیں آرہا تھا اور یہ بات عجیب لگتی اگر میں اسٹیج پر ان کا نام غلط پکارتا’۔