مہوش حیات کا کشمیر پر بات کرنے سے انکار

مہوش حیات کا کشمیر پر بات کرنے سے انکار

معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات کی مسئلہ کشمیر پر بات کرنے سے انکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اداکارہ مہوش حیات کی ایک ویڈیو لیک ہوئی جس میں ایک نجی ٹی وی چینل کے صحافی نے اُن سے مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کا کہا تو مہوش حیات نے کشمیر پر اپنی رائے دینے سے صاف انکار کردیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے یتیم بچوں کی کفالت کا ذمہ لیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں یتیم بچے ہیں کیا آپ نے اُن کے لیے کچھ سوچا ہے؟ اِس سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ مجھے مسئلہ کشمیر پر بات سے منع کیا گیا ہے۔

اداکارہ کی یہ ویڈیو لیک ہونےکے بعد سوشل میڈیا صارفین اُن کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ سوال اُٹھا رہے کہ مہوش حیات کو کس نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنے سے منع کیا ہے؟

خوشی شاہ صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاکہ ’اِن کی اِس بات کی وجہ سے اِن سے تمغہ امتیاز واپس لے لینا چاہیے، یہ اس کی مستحق ہی نہیں ہیں۔‘

عامر رضا نامی صارف نےمہوش حیات پر طنز کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’آپ مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کر سکتی ہیں لیکن پریانکا چوپڑا کے بارے میں بات کر سکتی ہیں، کس نے اِن کو تمغہ امتیاز دیا ہے؟ یہ پاکستان کے ایوارڈ کی بدنامی کر رہی ہیں، کم از کم پریانکا چوپڑا اپنے ملک کے ساتھ تو کھڑی ہوئی ہیں۔‘

صارف نے مہوش حیات سے سوال کیاکہ ’کیا آپ کشمیر ی خواتین کے بارے میں سنجیدگی سے بات نہیں کر سکتیں ؟

سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا شکار مہوش حیات بھی خاموش نہ رہیں اور اُنہوں نے اپنی ’لیک ویڈیو‘ کے بارے میں ٹوئٹ کردیا۔

مہوش حیات نے  ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری لیک ہونے والی ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹایا جا رہا ہے، میں نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر بات کی ہے اورآگے بھی کرتی رہوں گی اور اگلے اقدامات کے لیے میرے بڑے منصوبے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ ایک خیراتی پروگرام تھا اور مجھے پی آر کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ کوئی سیاسی بات نہیں کرنی اور نہ ہی اُس بارے میں بات کرنی ہے جو گزشتہ دِنوں میں نے یتیم بچوں کی مدد کی تھی۔‘

اداکارہ کے اِس ٹوئٹ پر وقار ملک نامی صارف نے اُن سے سوال کیا کہ ’یہ کون سی خیراتی تنظیم ہے جہاں انسانیت کے لیے آواز اُٹھانے سے منع کیا جا رہا ہے ؟ شاید آپ غلط خیراتی تنظیم کی حمایت کر رہی ہیں۔‘

ایک صارف نےاداکارہ سے سوال کیا کہ’آپ یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہیں کیا اِن میں کشمیر کے یتیم بچے شامل نہیں ہیں؟‘

خان یوف زئی نامی صارف نے لکھا کہ ’مسئلہ کشمیر سیاسی نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔‘

دوسری جانب پاکستانی فنکار بھی مہوش حیات کا ساتھ دینے میدان میں آگئے اور اداکارہ کے حق میں ٹوئٹ کردیے ۔

گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے مہوش حیات کا ساتھ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’آپ نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر جس طرح بین القوامی میڈیا پر بات کی مجھے اس پر اور اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے‘

شہزاد رائے نے مہوش حیات کا ساتھ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایک انڈسٹری میں کام کرنے کی حیثیت سے ہم آپ کے ساتھ ہیں، آپ کو کسی بھی لیک ویڈیو کی وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن اقرارالحسن نے مہوش حیات کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بالی ووڈ میں کام کرنا ہر پاکستانی آرٹسٹ کا خواب ہے لیکن مہوش حیات ایک ایسی آرٹسٹ ہیں جنہوں نے حال ہی میں بھارتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ اُن کو اپنے کریئر سے زیادہ اپنے مُلک سے پیار ہے اور وہ ہمیشہ کشمیر کے لیے آواز بُلند کرتی رہی ہیں۔‘

x

Check Also

‘کہے دل جدھر’ کی کاسٹ میں ایک اور اداکار شامل

جنید خان اور منشا پاشا کی فلم ‘کہے دل جدھر’ میں ویسے تو پاکستان کے ...

%d bloggers like this: