ہوا بھی توانائی حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے جبکہ دنیا کے بہت سے ممالک میں ونڈ ٹربائنز کے ذریعے بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔
ڈنمارک میں دنیا کی سب بڑی ونڈ ٹربائن موجود ہے، ویسٹاس وی 164 نامی یہ ٹربائن 10 میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے.
ڈنمارک 2030 تک ملکی ضروریات کی 50 فیصد بجلی ہوا سے پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جہاں مختلف شہروں میں خشکی، ساحلی پٹیوں اور سمندر میں ونڈ ٹربائنز سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ دارالحکومت کوپن ہیگن کی ساحلی پٹی پر بھی ایسے بہت سے چھوٹے بڑے پلانٹس نصب کیے گئے ہیں۔
ونڈ پاور انڈسٹری ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے کیملا ہال بیچ کا کہنا ہے کہ سولر سسٹم کے ذریعے تو صرف سورج کی روشنی میں ہی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن ونڈ پاور سسٹم کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ڈینش ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں توانائی حاصل کرنے کے لیے ہوا کو استعمال میں لایا جا رہا ہے کیونکہ یہ بجلی پیدا کرنے کا نسبتاً آسان، سستا اور آلودگی سے پاک ذریعہ ہے۔