میگزین شوٹ کے دوران جنسی استحصال ہوا

امریکی گلوکارہ اور ریپر کارڈی بی نے خواتین کو ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع کی گئی مہم ‘می ٹو’ پر بات کرتے ہوئے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں ایک میگزین فوٹو شوٹ کے دوران جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔

گلوکارہ نے انٹولڈ اسٹوریز آف ہپ ہاپ نامی شو کی ایک قسط میں بات کرتے ہوئے اپنا یہ تلخ تجربہ شیئر کیا۔

26 سالہ کارڈی بی کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی اس حادثے کو نہیں بھول سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں کبھی نہیں بھول سکتی اس روز کیا ہوا تھا، میگزین فوٹو شوٹ کے دوران فوٹوگرافر میرے بہت زیادہ قریب آنے کی کوشش کررہا تھا، جس کے بعد اس نے مجھے نامناسب انداز میں ہاتھ لگایا’۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ‘اس پر میں زور سے چلائی اور کہا کہ کیا تمہارا دماغ خراب ہوچکا ہے اور وہاں سے چلی گئی’۔

کارڈی بی نے اس انٹرویو کے دوران میگزین اور فوٹوگرافر کا نام بتانے سے گریز کیا۔

البتہ گلوکارہ نے کہا کہ ‘مجھے افسوس اور حیرانی اس وقت ہوئی جب مجھے پتا چلا کہ میری شکایت کے باوجود اس فوٹو گرافر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، میں نے میگزین کے مالک سے اس کی شکایت بھی کی تھی لیکن انہوں نے بھی میری بات پر کوئی توجہ نہیں دی’۔

کارڈی بی کا می ٹو مہم کے حوالے سے کہنا تھا کہ ‘اب جب میں اس مہم پر غور کرتی ہوں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ دوسری لڑکیوں کے ساتھ بھی ایسے واقعات پیش آئے اور لوگ انہیں بہت معمولی سمجھا کرتے تھے’۔

جب گلوکارہ سے سوال کیا کہ کیا اب بھی انہیں اس قسم کے مسائل کا سامنا رہتا ہے؟

تو کارڈی بی کا کہنا تھا کہ ‘بالکل نہیں، میں اس کا نام، اس کا پیشہ سب کچھ سوشل میڈیا پر سامنے لے آؤں گی’۔

گلوکارہ اس سے قبل 2018 میں دیے ایک انٹرویو میں بھی می ٹو مہم پر بات کرچکی ہیں۔

اس دوران ان کا کہنا تھا کہ جب وہ میوزک ویڈیو پر کام کررہی تھی تو لوگ سوال کرتے تھے کہ اگر کسی میگزین کے کوور پر جلوہ گر ہونا ہے تو مجھے ان کی ہر قسم کی ڈیمانڈ پوری کرنی ہوگی، اگر لڑکیاں اس وقت ان چیزوں کے خلاف آواز اٹھاتی تو کوئی ان پر یقین نہیں کرتا اور ان ہی کو الزام بھی دیا جاتا۔

خیال رہے کہ کارڈی بی نے ابتدائی طورپر سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کی، جہاں ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئے جس کے بعد انہوں نے 2015 میں گلوکاری کا آغاز کیا۔

گزشتہ 4 سال میں کارڈی بی کا نام امریکا کی معروف گلوکاراؤں کی فہرست میں شمار کیا جانے لگا ہے اور وہ دنیا کے معروف ترین ریپر اور گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔

کارڈی بی نے موسیقی کے اعلیٰ ترین ایوارڈ گریمی سمیت بل بورڈز اور دیگر ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

کارڈی بی نے 2017 میں ریپر اور گلوکار کیاری سیفس سے شادی کی اور انہیں ایک بچہ بھی ہے۔

کارڈی بی کا شمار ہپ ہاپ کی معروف ترین ریپرز میں ہوتا ہے۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: