ورلڈ کپ ابھی دور ہے

ایشیا کرکٹ کپ میں شریک چھ میں سے پانچ ٹیمیں آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی۔

ان ٹیموں کے کپتان یہ کہتے ہیں کہ عالمی مقابلہ ابھی آٹھ ماہ کی دوری پر ہے فی الحال ان کی توجہ ایشیا کپ پر مرکوز ہے۔

ایشیا کپ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں کے کپتان سرفراز احمد۔ روہیت شرما، مشرفی مرتضی،ٰ اینجیلو میتھیوز، اصغر افغان اور انشومن رتھ جمعہ کی شام دبئی سٹیڈیم میں ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے لیے یکجا ہوئے تو ان میں سے پانچ کپتانوں سے کیے گئے سوالات کا زیادہ تر حصہ ورلڈ کپ سے متعلق تھا۔

پانچوں کپتانوں کا یہ کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت پڑا ہے لہٰذا پہلے موجودہ ٹورنامنٹ یعنی ایشیا کپ پر توجہ مرکوز رکھی جائے لیکن اسے ورلڈ کپ کی تیاری کے حصے کے طور پر بھی دیکھا جائے۔

دبئی میں موجود نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق انڈین کپتان روہیت شرما کا کہنا تھا کہ ایک لحاظ سے آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ایشیا کپ ورلڈ کپ کی تیاری کے عمل کا ایک حصہ ہے کیونکہ ہر ٹیم اپنے کامبی نیشن اور قوت کا اندازہ لگانے کے بعد ہی ورلڈ کپ میں جانا چاہتی ہے لیکن ساتھ ہی وہ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اس وقت جو ذمہ داری آپ کو سونپی گئی ہے اس پر توجہ رکھی جائے بجائے اس کے کہ بہت دور کے بارے میں سوچا جائے۔

روہیت شرما کا کہنا تھا کہ اس ایشیا کپ میں ہر ٹیم کی نظر اس بات پر ہو گی کہ ورلڈ کپ کے لیے اس کا درست کامبی نیشن تیار ہو جائے اور اس کے لیے وہ بھرپور کوشش کرے گی۔ ورلڈ کپ سے پہلے ہر ٹیم کو کافی میچز کھیلنے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی طرف پاکستانی ٹیم کا سفر جاری ہے اور وہاں تک پہنچنے کے لیے اسے ایشیا کپ کے بعد آسٹریلیا نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے لہٰذا کوشش کریں گے کہ اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے جائیں تاکہ جب ورلڈ کپ میں پہنچیں تو ہمیں پتہ ہو کہ ٹیم کہاں کھڑی ہے۔

انڈین کرکٹ ٹیم بارہ سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی ون ڈے میچز کھیلنے آئی ہے۔

روہیت شرما سےجب پاک انڈیا کرکٹ کے روایتی جوش وخروش کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر پاک انڈیا کرکٹ کی اپنی روایتی دلچسپی ہوتی ہے اور وہ بھی پاک بھارت میچ کے منتظر ہیں لیکن یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ اس ٹورنامنٹ میں دوسری ٹیمیں بھی موجود ہیں جن کی نظریں ٹائٹل پر لگی ہوئی ہیں لہٰذا اس ٹورنامنٹ کے تمام میچز میں اچھا مقابلہ ہوگا اور توجہ صرف ایک میچ پر نہیں ہو گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: