کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں کر دی گئی

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تدفین جمعہ کو جاتی امرا میں کر دی گئی ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس، رائیونڈ جاتی امرا میں کی گئی۔

کلثوم نواز کی آخری رسومات میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کا طویل علالت کے بعد منگل کو لندن کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔

نواز شریف کے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف جمعے کی صبح بیگم کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ لاہور پہنچے جبکہ بیگم کلثوم نواز کے لندن میں مقیم بیٹے حسن اور حسین نواز اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں آ رہے ہیں۔

کلثوم نواز کی میت کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچایا گیا اور وہاں سے ایمبولینس کے ذریعے جاتی امرا کے لیے روانہ کیا گیا۔

اس سے قبل جمعرات کو لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں شہباز شریف، بیگم کلثوم نواز کے بیٹے حسن اور حسین نواز سمیت مسلم لیگ کے رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دوسری جانب نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے منگل کی رات پیرول پر ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لیے رہا کیا گیا تھا تاہم بدھ کو پیرول پر رہائی میں مزید تین دن کی توسیع کر دی گئی تھی۔

بیگم کلثوم نواز تقریباً گذشتہ ایک سال سے لندن میں زیرِ علاج تھیں۔ انھیں پچھلے سال سرطان کے مرض کی تشخیص کی گئی تھی۔

ان کی عمر 68 سال تھی اور وہ برصغیر کے مشہور پہلوان رستمِ ہند گاما پہلوان کی نواسی تھیں جبکہ سنہ 1971 میں ان کی شادی نواز شریف سے ہوئی تھی۔

کلثوم نواز کے سوگوران میں ان کے شوہر نواز شریف، بیٹیاں مریم صفدر اور عاصمہ اور دو بیٹے حسن اور حسین نواز شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: