اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو خیر باد کہہ دیا

میڈرڈ: پرتگال فٹ بال ٹیم کے کپتان اور بین الاقوامی شہرت یافتہ اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو کا اٹلی کے مشہور کلب یووینٹس سے معاہدہ طے پاگیا۔

کرسٹیانو رونالڈو 9 سال بعد ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ سے اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس منتقل ہو رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دونوں کلبز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت 33 سالہ رونالڈو دس سال بعد 11 کروڑ 20 لاکھ یوروز (تقریباً 16 ارب ایک کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے) کے عوض یووینٹس کلب کی نمائندگی کریں گے۔

اس ڈیل کے بعد رونالڈو فٹبال کی تاریخ میں چوتھے مہنگے ترین فٹبالر بن گئے ہیں۔ رونالڈو نے ریال میڈرڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اسے چار چیمپیئنز لیگ ٹورنامنٹس میں کامیابی دلوائی تاہم ان کے تعلقات کلب کے صدر فلورینٹینو پیریز سے خوشگوار نہیں رہے۔

رونالڈو اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کی تاریخ میں سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز ارجنٹائن کے فارورڈ گونزالو ہیگوئن کے پاس تھا جسے خریدنے کیلئے اطالوی کلب نے75.3 ملین پاؤنڈ ادا کیے تھے۔

رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ سے 2009ء میں ریال میڈرڈ آئے اور کلب کیلئے سب سے زیادہ 451 گول کیے۔ اس دوران انہوں نے پانچ بار دنیا کے سب سے بہترین کھلاڑی ہونے کا ایوارڈ ’بیلن ڈیور’ بھی حاصل کیا جبکہ گزشتہ پانچ میں سے چار سیزن میں رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ میں بھی کامیابی دلوائی۔

یورپ میں سب سے بہترین ٹیم ہونے کے باوجود اپنی مقامی لیگ میں ریال میڈرڈ کو بارسلونا کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا رہا ہے۔

اسپینش فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے رونالڈو کی یووینٹس کلب میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹار فٹبالر کی کلب کیلئے گراں قدر خدمات ہیں اور بلاشبہ وہ کلب کی تاریخ کے کامیاب ترین فٹ بالر ہیں اس لیے ہم انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریال میڈرڈ کلب حکام اور سپورٹنگ اسٹاف نے کیریئر کے دوران میرا بہت ساتھ دیا، انہوں نے میرا دل جیت لیا ہے اور میں نے کلب کے ساتھ 9 شاندار سال گزارے جنہیں ہمیشہ یاد رکھوں گا اور میں سب کا مشکور رہوں گا۔

33 سالہ رونالڈو نے 2009ء میں 80 ملین پائونڈ کے عوض مانچسٹر یونائیٹڈ سے ریال میڈرڈ کو جوائن کیا تھا اور انہوں نے 9 برس کے دوران کلب کی طرف سے 451 گولز کئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: