آصف زرداری نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کردیے

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے بھی ایسے کیسز کا سامنا کیا، اب بھی کروں گا۔

دنیا  ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈیڑھ کروڑ کا نوٹس ملا ہے اور ڈھول 35 ارب کا بجایا جارہا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جو ہونے والا ہے اسے جمہوری طور پر روکنا ہے، الیکشن کے بائیکاٹ کے بارے میں غور نہیں کر رہے، بائیکاٹ کرکے کسی کو موقع نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا موقع ہے، احتساب کا نہیں، احتساب الیکشن سے پہلے یا بعد میں ہونا چاہیے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیاست کا انحصار حالات پر منحصر ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ جسے بھی حکومت بنانی ہے اسے پیپلز پارٹی سے بات کرنا پڑے گی اور پارٹی جس سے بھی بات کرے گی لین دین پر بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہونے جارہا ہے جمہوریت کو پٹری سے اترنے نہیں دیں گے، سنوں گا سب کی لیکن کروں گا وہی جو پیپلز پارٹی اور پاکستان کے لیے اہم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میرے وکیل ایف آئی اے میں پیش ہوں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جمعرات کو طلب کر رکھا ہے۔

کیس میں ایف آئی اےکی جانب سے بھی دونوں شخصیات کو آج طلب کیا گیا تھا تاہم وکلاء کے مشورے پر وہ پیش نہیں ہوئے اور وکلاء کے ذریعے جواب داخل کرادیا۔

واضح رہے کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کا نام سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جاچکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: