آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں 45 رنز سے شکست

پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کا درمیان سہ ملکی ٹی20 ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی ہے۔

زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز ٹیم، گرین شرٹس کے 194رنز کے ہدف کے جواب میں 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی، ٹیم کی جانب سے ایلکس کیری 37 اور ڈی آرکے شارٹ 28رنز اسکور کرکے نمایاں رہے تاہم گزشتہ 2 میچوں میں دھواں دھار اننگز کھیلنے والے کینگروز کپتان ایرون فنچ آج ناکام ہوئے اور صرف 16رنز بنا کر چلتے بنے۔

قومی بولرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب رہے انہوں نے 37رن کے عوض 3 شکار کیے جبکہ محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

قبل ازیں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر سرفراز الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان نے 42گیندوں پر 3چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے جارحانہ73رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نوجوان بیٹسمین آصف علی37 ، حسین طلعت30 اور شعیب ملک نے 27رنز اسکور کرتے ہوئے قومی ٹیم کو کینگروز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 194رنز بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔

گرین شرٹس کی اننگز  کے دوران حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسری وکٹ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 72 رنز جوڑے اور ٹیم کو  ابتداء میں پہلی وکٹ گرنے کے بعد اچھا سہارا دیا جبکہ آسٹریلوی بولرز کی جانب سے اینڈریو ٹائی نے 3 جبکہ ایشٹن اگر 2پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف 73 رنزکی اننگز کھیلنے والے فخر زمان رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے آج بھارت کے شیکھر دھون کو پیچھے چھوڑ دیاہے۔

شکھر دھاون نے رواں سال اب تک 10اننگز میں 419 رنز بنائے جب کہ فخر زمان ٹی ٹوئنٹی کی 12 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن چکے ہیں۔

ادھر آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم میں آج 2تبدیلیاں کی گئیں جہاں حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز کی جگہ عثمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ قومی ٹیم فخر زمان، حارث سہیل، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، محمد عامر اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ سیریز میں اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کو ناقص بیٹنگ کی وجہ سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں ۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: