10 غذائیں خوراک میں شامل کریں

قدرت نے ہمیں ایسی بیش بہا غذائیں عطاکی ہیں جن کو کھانے سے جسم میں زخم، ورم اورسوزش ٹھیک ہوجاتی ہے۔ آپ اپنی خوراک میں تازہ پھل اورسبزیاں،مچھلی،میوہ جات، بیج اور اومیگا 3 سے بھرپور غذائیں شامل کریں۔ان غذاؤں میں زیادہ مقدار میں اینٹی آکسیڈینٹس، منرلز اور ضروری فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیںجوجسم میں زخم، سوزش اور ورم کو ٹھیک کرنے کے لیے بہت مفید ہیں۔ایسی غذاؤں کو اینٹی انفلیمیٹری(Anti Inflammatory) کہا جاتا ہے۔ ذیل میںکچھ ایسی ہی اینٹی انفلیمیٹری غذاؤں کا ذکر کیا جارہا ہے۔

گہرے سبز پتوں والی سبزیاں

ایسی سبزیاں جن کے پتے گہرے سبزہوتے ہیں(مثلاً بند گوبھی، چقندر کے پتے) ان میں وٹامن اے اور سی کثرت سے پایا جاتا ہے اور یہ وٹامنز اینٹی آکسیڈنٹ ہوتے ہیں۔دنیا بھر کے لوگوں میں وٹامن کے کی کمی پائی جاتی ہے جسے ایسی سبزیاں استعمال کرکے پوراکیا جاسکتا ہے۔وٹامن کے آپ کی دماغی صحت کے لیے بہت مفید ہوتا ہے ۔

پھول گوبھی

پھول گوبھی میں پوٹاشیم اور میگنیشیم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔یہ بہت فائدہ مند سبزی ہے کیونکہ اس میںضروری وٹامن، فلیوونائڈز اورحیاتی کیمیات شامل ہیں۔ یہ تینوں مل کر مخصوص قسم کے کینسر کے خطرات کو کم کرنے اور جسم میںدائمی سوزش کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔جگرکے لیے سلینیم اور سلفر دونوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ خود کو صاف کرسکے جبکہ بند گوبھی میں کثیر تعداد میں سلینیم اوراورگینوسلفرپایا جاتا ہے جو اینٹی آکسیڈائز ہوتا ہے۔

چقندر

سوزش کے باعث جسم کے جن خلیوں کو نقصان پہنچتا ہے ، چقندر ان کی مرمت کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس بہت زیادہ مقدارمیں موجود ہوتے ہیںجو جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز کے نقصان سے بچانے کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں، اس سےجان لیواامراض سے تحفظ ملتا ہے۔چقندرمیں موجود بیتیلین(Betalain) سوجن پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ نائٹریٹ سے بھرپور سبزی ہے جو ہضم ہونے کے دوران نائٹرک آکسائیڈ میں تبدیل ہوجاتی ہے اور پھر خون کی شریانوں کو پھیلنے میں مدد دیتی ہے۔ چقندر کا جوس روزانہ پینے سے بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے۔

ادرک

ادرک عام استعمال ہونے والی ایسی غذا ہے جو بدہضمی سے لے کر جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے تک متعدد فوائد کی حامل ہے۔اس میں مختلف طرح کی دھاتیں مثلاًکیلشیم، فاسفورس،آئرن،میگنیشیم،کاپر اور زنک پائی جاتی ہیں۔ادرک میںسوزش ختم کرنے والی خاصیت کی وجہ سے یہ جوڑوں کے درد میں آرام دیتا ہے۔

ہلدی

ہلدی صرف کھانے کا رنگ اور ذائقہ ہی بہتر نہیں کرتی بلکہ یہ جراثیم کش بھی ہے ۔اس میں لاتعداد اینٹی آکسیڈنٹ، اینٹی وائرل، اینٹی بیکٹیریل، اور اینٹی فنگل خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ہلدی میں بے پناہ غذائیت موجود ہے، جس میں فائبر، وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن کے، پوٹاشیم، میگنیشیم، کیلشیم، پروٹین اور زنک شامل ہیں۔اس میں موجود کرکمن(Curcumin) جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد کرتا ہے، اسی وجہ سے گنٹھیا کے مرض میں مبتلا افراد کے علاج کے لیے اس کااستعمال مفید ہے۔یہ جسم سے ایسے عناصر کو بھی مٹادیتی ہے جس سے یہ مرض لاحق ہو۔ہلدی میں موجود اجزاء کئی اقسام کے کینسر سے بھی محفوظ رکھتے ہیںاور یہ جسم میں کینسر کے خلیوں کو ختم کرنے میں بھی معاون ہے۔

یخنی

یخنی میں مختلف قسم کے معدنیات شامل ہوتے ہیںجن میں کیلشیم، فاسفورس، سلیکون، سلفر اور دیگر شامل ہیں۔ یہ chondroitin اور glucosamine حاصل کرنے کا ایک مزیدار ذریعہ ہے جوجوڑوں کی صحت اورگنٹھیا کے لیے سپلیمنٹ کا کام کرتا ہے۔

اخروٹ

اخروٹ میں پروٹین اور اومیگا 3 ایس وافر مقدار میں پایا جاتاہے۔اس کے ذریعے ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹس آپ کے جسم میں موجود مختلف بیماریوں کے خلاف لڑتے ہیں۔اخروٹ قبض کی صورت میں فوری آرام پہنچانے کا ایک بڑاذریعہ ہے۔ یہ انسولین ہارمون کے لیے حساسیت بھی بڑھاتا ہے جس سے ذیابطیس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے، ساتھ ہی یہ ٹائپ2 ذیابطیس سے مقابلہ کرنے میں بھی مفید ہے۔ اخروٹ خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوتاہے جس کے بعد صحت مند کولیسٹرول پیدا ہوتا ہے۔

السی کے بیج

السی کے بیج میں پایا جانے والا فائبراور صحت مند چکنائی جسم کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔ یہ بیج آپ کو سوزش سے بچاتے ہیںاور وزن میں کمی کے حوالے سے بھی بہترین قرار دیے جاتے ہیں۔السی کے بیج اگر روزانہ استعمال کیے جائیں تویہ جسم میں کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ہوں گے۔

انناس

انناس کاشمار ایک نہایت مفید، خوش ذائقہ اور خوبصورت پھل میں ہوتا ہے جو اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ انناس کا استعمال بے شمار بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔ اس میں موجود برومیلین(Bromelain)کے اندر خون کے انجماد کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انناس وٹامن سی سے بھر پور پھل ہے جو کہ انسانی جسم کو بے شمار اقسام کے وائرس سے محفوظ رکھتا ہے۔ انناس کا استعمال ہڈیوں کی مضبوطی میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ نظام ہاضمہ کے لیے انتہائی مفید ہے۔انناس کا ایک اور انتہائی اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ اس کا استعمال بصارت کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے اور اس کا مستقل استعمال بینائی کو کمزور ہونے سے بچاتا ہے۔

بلیوبیری

بلیوبیری کھانے سے دماغی خلیات (نیورونز) سرگرم ہوتے ہیںاور اس کا مستقل استعمال ڈیمینشیا اورالزائمرسمیت کئی دماغی عارضوں کو روکتا ہے۔ بلیو بیری اعصابی خلیات کو قوت دیتا ہے اور دماغ میں ایک ایسا پروٹین بڑھاتا ہے جو ڈیمینشیا میں تیزی سے ختم ہونے لگتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بڑھاپے کی علامات کو چھپانے اور آنکھوں کے جملہ امراض کے لیے بھی بہترین ہے۔

اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ پروسیسڈ فوڈسے دور رہیں کیونکہ وہ اہم غذائی عناصر سے خالی ہوتی ہیں۔وقت کے ساتھ اپنی غذا میں معمولی تبدیلیاںلاتے ہوئے کچن اور ریفریجریٹرمیں ان اشیاء کی جگہ بنائیں جو آپ کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ آپ اپنی خوراک کو تبدیل نہ کریں بلکہ نیا طرزِ زندگی اختیار کریں، اس طرح آپ صحتمند اور توانا زندگی گزارسکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: