نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ ‘غلط’ قرار دے کر مسترد کردیا

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق اپنے متنازع بیان کے معاملے پر گذشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کو ‘غلط’ قرار دے کر مسترد کردیا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ ‘قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ بڑا خوفناک اور بڑا تکلیف دہ ہے، میں اس اعلامیے کو مسترد کرتا ہوں’۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی چھان بین کے لیے ‘قومی کمیشن بننا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے’۔

سابق وزیراعظم نے سوال کیا کہ ‘کون ہیں وہ لوگ جنہوں نے پاکستان کو اس نہج تک پہنچایا ہے؟کون ہیں وہ لوگ جو پاکستان کے تحفظ کی بات کرتے رہے؟’

ممبئی حملوں سے متعلق اپنے متنازع بیان پر غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی باتیں کرنے والے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‘اب فیصلہ ہوجانا چاہیے کہ کون محب وطن ہے اور کون غدار ہے’۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ‘میں صرف پاکستانی شہری نہیں، قوم نے مجھے وزیراعظم بھی بنایا، میں بہت کچھ جانتا ہوں’۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بھارتی میڈیا کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ایک پاکستانی انگریزی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو کو اچھالا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘کیا یہ اجازت دینی چاہیے کہ غیر ریاستی عناصر ممبئی جا کر 150 افراد کو ہلاک کردیں، بتایا جائے ہم ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل کیوں نہیں کرسکے’؟

سابق وزیراعظم کے اس متنازع بیان پر ملک کے سینئر دفاعی، سیاسی تجزیہ کاروں اور سیاست دانوں کا شدید ردعمل سامنے آیا، جس میں بیان کو غداری اور ملک دشمنی قرار دے دیا گیا۔

دوسری جانب پاک فوج کی تجویز پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ متنازع بیان کو مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے تمام الزامات کو متفقہ طور پر مسترد کردیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے آج اکتوبر 2016 میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی ایک اور خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘اُس وقت بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں باتیں ہوئیں تھیں کہ گھر کو ٹھیک کریں، لیکن اس اجلاس میں میں نے جو باتیں کی اُس کو ڈان لیکس بنا دیا گیا جبکہ وہ تو حقیقت تھی’۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی تنہائی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ‘دنیا میں ہم تنہا ہو گئے ہیں، کوئی ملک ہے جو آج ہمارے ساتھ ہے، نام بتائیں؟’

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ ‘5 سال تک آپ کی حکومت رہی، آپ نے ایک بھی ملک دوست نہیں بنایا؟’

جس پر نواز شریف نے کہا کہ ‘بات ذات کی نہیں پورے ملک کی ہے کہ ملک کس سمت میں چلا گیا’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

مریم نواز کو سمیش کرنے کی دھمکی دینے والا میجر جنرل عرفان ملک سپر سیڈ

پاک فوج میں تین میجر جنرلز کو ترقی دے کر لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ...

%d bloggers like this: