جو70سال سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کرتا ہوں: نواز شریف

جو70سال سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کرتا ہوں

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جو کچھ اس ملک میں ستر سال سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کرتا ہوں۔

نواز شریف نے بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے تحت ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کےبعد بہاول پور میں بھی میٹرو بس چلانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سال میں مخالفین نے کچھ کرنے نہیں دیا، کبھی دھرنے، جلسے جلوس اور کبھی عدالتوں میں گئے لیکن ہم نے پاکستان کے بڑے بڑے مسائل ختم کردیئے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، بجلی واپس لائے، اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے ملک کے بڑے مسائل ختم کیے۔

نواز شریف کہتے ہیں کہ الیکشن سے پہلے ہی بہاول پور نے آج اپنا فیصلہ سنادیا، اس جلسے سے مخالفین کے ہوش اڑ گئے ہیں،بہاول پور نے نواز شریف کو خرید لیا ہے، الیکشنوں کےبعد بہاول پور میں بھی خوبصورت میٹرو بس آنی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب ہمارے سرآنکھوں پر، بہاول پور پر میں بھی قربان، شبہاز شریف بھی قربان، وہ تمام لوگ جن کا گھر نہیں، انہیں گھر دیا جائے گا،ہم نے بہت بڑا معرکہ مارا ہے، کسی اور پارٹی کا نام لیں، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور کسی بھی پارٹی کا نام لیں، کسی نے کبھی کوئی موٹروے بنائی؟ کیا کسی نے اتنے بجلی کے کارخانے لگائے؟ کیا کسی نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا؟ یہ سب ٹانگیں کھینچنے والے لوگ ہیں، ان کی ٹانگیں اب عوام نے کھینچنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس لیے نکالا گیا کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، اگر تنخواہ لی ہوتی تو پھر کیا ہوتا؟ کہتے ہیں تم وزارت عظمیٰ سےنااہل ہو، کہتے ہیں ہمیشہ کے لیے نااہل کرنا ہے، کیا عوام کو یہ منظور ہے؟ملک کے ساتھ 70 سالوں سے ہماری نسلوں کے ساتھ ظلم ہوئے ہیں، ہم نے 70 سالوں میں بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، جو کچھ ملک کے ساتھ ان 70 سالوں سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت تک قابل نہیں بن سکتا جب تک ہم 70 سالوں کی تاریخ کو نہیں بدلیں گے، آپ کا مستقبل روشن کرنے کے لیے ہر وہ کام کروں گا جو آپ کا مستقبل تابناک کرے، ہمارے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں سے بہت بہتر ہونے چاہئیں اور وہ تب بہتر ہوں گے جب ہم اپنا حق مانگیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر اپنا حق مانگنے سے نہ ملے تو اسے چھین لیں، ہم یہ طے کریں گے کہ اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے، یہ عوام کا مجھ سے وعدہ ہونا چاہیے، نوازشریف وہ وعدہ نہیں کرتا جو پورا نہ کرسکے، 70 سالوں سے ووٹ پاؤں تلے روندتے رہے ہیں، عوام وعدہ کریں ہم آئندہ کسی کو بھی ووٹ کو پاؤں تلے روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

x

Check Also

فیصل آباد میں جیت کس کی ہوگی؟

دو گھنٹے کے آرام دہ سفر کے بعد ہم پنجاب کے دل لاہور سے نکل کر اس کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد ...