سعودی عرب کے ایک ممتاز عالم دین الشیخ عبدالعزیز بن صالح التویجری کو افریقی ملک گنی میں نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق گنی کے سیکورٹی اور طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عالم دین الشیخ صالح التویجری کو کروانی شہر میں کانکان کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق الشیخ تویجری ایک مقامی شہری کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ نامعلوم افراد نے پر ان پر گولیاں چلائیں۔
ذرائع کے مطابق ان کے سینے میں دو گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ موٹرسائیکل پر سوار دوسرا شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسے کانکان کے صوبائی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔